تحریک انصاف فرانس کے نو منتخب عہدیداران کی طرف سے پارٹی ممبران کے اعزاز میں شاندار تقریب کا اہتمام
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) ہم دل کی اتھاہ گہرائیوں سے تحریک انصاف فرانس کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں منتخب کیا اور پارٹی کی کمان ہمارے ہاتھ میں دی ، ہم ان شاء اللہ باہمی اتفاق اور اتحاد سے پارٹی کی ترقی کے لئے کام کریں گے اور سینئر راہنماؤں اور کارکنان کے درمیان رابطے بڑھائیں گے ، ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف فرانس کے نو منتخب عہدیداران چیئرمین چوہدری گلزار لنگڑیال ، صدر ملک عابد حسین،سینئر نائب صدر شییخ نعمت اللہ،جنرل سیکرٹری چوہدری اعجاز جٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری ماجد چیمہ نے تقریب سے خطاب میں کیا۔ نو منتخب عہدیداران نے کہا کہ عنقریب حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا ، اس سے پہلے تنظیم سازی مکمل کی جائے گی اور اس بار تئیس مارچ یوم پاکستان کا شاندار پروگرام تحریک انصاف فرانس کے پلیٹ فارم سے منعقد کیا جائے گا جس میں تمام پاکستانی سیاسی ، سماجی و مذہبی تنظیموں کو دعوت دی جائے گی ، پاکستان کے سبز پرچم کے سائے تلے یہ مشترکہ پروگرام ہوگا۔ نومنتخب عہدیداران نے دونوں گروپوں کو اکٹھا کرنے والی بارہ رکنی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ منتخب باڈی بہت جلد باقی عہدیداروں کو نامزد کرکے پارٹی میٹنگ بلائے گی اور اپنا لائحہ عمل پیش کرے گی۔ منتخب عہدیداران تحریک انصاف فرانس چیئرمین چوہدری گلزار لنگڑیال ، صدر ملک عابد حسین،سینئر نائب صدر شییخ نعمت اللہ،جنرل سیکرٹری چوہدری اعجاز جٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری ماجد چیمہ نے فرداٗ فرداٗ تمام پارٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے تحریک انصاف فرانس کے سابق چوہدری ذوالفقار جتالہ ، سینئر یورپین راہنما یاسر خان ، سابقہ سیکریٹری اطلاعات و سابقہ صدر وومن ونگ محترمہ آصفہ ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور نو منتخب عہدیداروں کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب میں ترجمان وزیراعظم پاکستان و بانی رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اجلاس کے آخر میں نو منتخب عہدیداران کی طرف سے ممبران کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا -