لاہور: نجی انٹرٹینمنٹ چینل اور کمپنی کی جانب سے معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد مصنف خلیل الرحمان قمر ردعمل سامنے آگیا ۔ انہوںنے کہا کہ میں فوراً اس معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق نجی انٹرٹیننمنٹ چینل اور کمپنی نے رواں ہفتے ٹی وی چینل پر سماجی کارکن ماروی سرمد کے لیے نفرت انگیز الفاظ کا استعمال کرنے پر مصنف خلیل الرحمان قمر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیااور معافی نہ مانگنے تک خلیل الرحمان قمر کے ساتھ حال ہی میں چار ڈراموں اور دو فلموں کے سکرپٹ لکھنے سے متعلق کیے جانے والا معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا۔
انٹرٹیننمنٹ چینل کی جانب سے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ یہ معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک مصنف ایک ٹی وی شو میں نامناسب زبان استعمال کرنے پر معذرت نہیں کرلیتے، یہ معاہدہ خصوصی نہیں، بلکہ ویسا ہے جیسا خلیل الر حمان قمر نے متعدد ٹی وی چینلز کے ساتھ کررکھا ہے۔ ٹوئٹ میں مزید کہا گیا 'خلیل الرحمان قمر نے نہ صرف ایک خاتون کے خلاف خراب زبان استعمال کی بلکہ اپنی غلطی کو تسلیم کرنے اور معذرت سے بھی انکار کردیا۔ یہی وجہ ہے کہ جیو انٹرٹینمنٹ نے ان کے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کردیا ہے، ادارہ ہمیشہ سے سوچنے اور بحث کے ماحول کی تشکیل کا مقصد رکھتا ہے، چاہے اس میں ادارے پر ہی تنقید کیوں نہ ہو۔
بعدازاں خلیل الرحمان قمر نے نجی انٹرٹینمنٹ چینل کی جانب سے معاہدے کی معطلی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ میں فوراً ہی اس معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں میں آئندہ کبھی بھی اس ادارے کے ساتھ کام نہیں کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایسا ایک ’نیک مقصد‘ کے لیے کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ خلیل الرحمان قمر نے گزشتہ دنوں نجی چینل کے ایک پروگرام میں سماجی کارکن ماروی سرمد کے لیے نفرت انگیز الفاظ کا استعمال کیا تھا جس میں عورت مارچ کے حق اور مخالفت میں دلائل دیے جا رہے تھے۔تاہم اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ۔ لوگوں کی بڑی تعداد خلیل الرحمان قمر کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تو وہی ایسے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے جو خلیل الرحمان قمر کے حق میں پیغام شیئر کر رہے ہیں۔