معروف کامیڈین امان اللّٰہ انتقال کر گئے

دنیا کو اپنی جگتوں سے ہنسانے والے کامیڈین امان اللہ انتقال کرگئے،وہ گردوں اور پھیپھڑوں کی مرض میں مبتلا تھے۔تفصیلات کے مطابق امان اللہ خان گذشتہ ایک ہفتے سے بحریہ ٹائون لاہور کے ہسپتال میں زیرعلاج تھے،وہ گردوں اور پھیپھڑوں کی مرض تھے، انہوں نے ستر سال کی عمر پائی۔کامیڈی کی دنیا میں اپنا خاص مقام بنانے والے امان اللہ خان کو چند ماہ قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد سے ان کی طبیعت خراب رہنے لگی تھی۔صوبہ پنجاب کی دھرتی میں آنکھ کھولنے والے امان اللہ کو خدا نے فن کی نعمت سے ایسا نوازا تھا کہ کم عمری سے صلاحیتوں کا جادو جگانا شروع کیا،امان اللہ نے پاکستانی تھیٹر کو منفرد اصناف بخشیں اور کئی دہائیوں تک تھیٹر کے اسٹیج پر راج کیا۔یہی وجہ تھی کہ دنیا بھر میں امان اللہ کے فن کی دھوم مچی اور اپنی لائیو پرفارمنس کے ذریعے خوب داد سمیٹتے تھے،فنی خدمات کے اعتراف میں امان اللہ کو 2018 میں صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان اور سیاسی و سماجی شخصیات نے معروف اداکار امان اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے معروف اداکار امان اللہ کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔صدر مملکت نے کہا کہ امان اللہ خان کی مزاح اوراداکاری کے شعبے میں خدمات کو تادیر رکھا جائیگا۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ مرحوم امان اللہ مزاحیہ اداکاری ، اورڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے ۔