سرگودھا الیکشن کے بعد مسلم لیگ ن کا گراف بلندیوں کو چھو رہا ہے: خلیل سندھو
لاہور (خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن کے بعد سرگودھا کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کی جیت ثابت کر رہی ہے کہ عوام کے اعتماد کو محض کھوکھلے نعروں یا الزامات کی سیاست کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا بلکہ عملی میدان میں مقابلہ کرنا ہوگا۔صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف طبیعت کی ناسازی کی کے باوجود پنجاب اسمبلی آئے تاکہ جمہوری عمل کو تقویت مل سکے اور ایک لیڈر کی پہچان بنے جبکہ عمران خان کا سینیٹ الیکشن میں اسمبلی آکر ووٹ نہ ڈالنا،جمہوری رویے کی نفی ہے اور اگر لیڈر ایسا کرے گا تو اس کی پارٹی کیا کرے گی۔ شہباز شریف کے دور حکومت میں پنجاب نے بے پناہ ترقی کی ہے اور اس کا جی ڈی پی کا گراف قدرے بلند ہوا ہے۔ جبکہ کے پی کے میں ہر ادارہ بری طرح تباہ ہو رہا ہے اور اس کی مثالیں آئے روز اخبارات وغیرہ میں دیکھنے میں آرہی ہیں۔