پاکستان میں شطرنج کی عالمی سطح پر بحالی کا مشن کامیاب
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان میں شطرنج کے انٹرینشل ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں کراچی تاجرالائنس کے چیئرمین وسینئر وائس چیئرمین چیس فیڈریشن ایاز میمن موتی والا دبئی میں انٹرنیشنل چیس ٹیکنیکل کمیشن کے چیئرمین بھرت سنگھ چوہان سے ملاقات کے بعد کراچی واپس پہنچ گئے ۔میڈیاکو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دورہ پاکستان میں موجودہ چیس فیڈریشن کو عالمی سطح پر نمائندگی دینے کے لیے تھا کہ تاکہ دنیابھر کی طرح پاکستان میں بھی چیس کے انٹرنیشنل ایونٹ کروائے جاسکیں ، ہم ایک طویل عرصے سے چیس فیڈریشن کو عالمی سطح پر نمائندگی دلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ دبئی میں انٹرنیشنل چیس کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں ہوئی جس کے اہم اور مثبت نتائج نکلیں گے ۔ اس دورے میں ہمارے ساتھ چیس فیڈریشن ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری سعدیہ قریشی ،نائب صدر امین ملک ،لیگل ایڈوائزر ملک منصور اور عامر ضیا ء بھی تھے ۔ایاز میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے حکومت کو خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ خاص طور پر شطرنج کا کھیل ایک ایسا کھیل ہے جس میں وفاقی سطح پر حکومت کی جانب سے خاص توجہ کی ضرورت ہے تاکہ تیزی سے ناپید ہوتے ہوئے اس کھیل کو پھر سے زندہ کیا جاسکے۔