دھماکہ خیز مواد برآمدگی کیس میں ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصو صی عدالت کے جج سلیمان بیگ نے دھماکہ خیز مواد برآمدگی کیس میں ملزم کو 14 یوم کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے ۔ملزم موسی خان کو اٹک پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا ۔گزشتہ روز ملزم کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے جوڈیشل کر دیا ۔علاوہ ازیں عدالت نے دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں 2 ملزمان کو بری کرتے ہوئے دیگر9 کیسزکی سماعت ملتوی کردی جبکہ3 مقدمات میں پولیس کی التوا کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔عدالت نے تھانہ سول لائن کے فون پر دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں2 ملزمان نسیم گل خٹک اور عمر زادہ کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا،تھانہ روات کے اغوا برائے تاوان کیس میں ملزمان نسیم شاہ وغیرہ کے خلاف 6 مارچ کو شہادت طلب کر لی ،بارودی مواد کیس میں ملزم آصف مجتبی کے خلاف8 مارچ کو شہادت طلب کر لی، مذہبی منافرت اور فورتھ شیڈول کے مقدمہ میں ملزم شاہین طالبانی کے خلاف1 گواہ کا بیان ریکارڈ کر کے سماعت 31مارچ،بارودی مواد کیس میں ملزم عبدالرحمن کے خلاف21 مارچ،مذہبی منافرت کیس میں ملزم فضل الرحمن کے خلاف 19مارچ، تھانہ دینہ کے کانسٹیبل کو قتل کرنے کے مقدمہ میں ملزم احتشام کے خلاف 20مارچ کو شہادت طلب کر لی ۔ عدالت نے تھانہ رنگو کے قتل کیس میں ملزم سرتاج،سی ٹی ڈی کے اغوا برائے تاوان کیس میں ملزم خیال محمد اور سی ٹی ڈی کے ہی دھماکہ خیز مواد کیس میں ملزم سوار گل کے خلاف 7 دن میں چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا اور پولیس کی التوا کی درخواستیں 12 مارچ تک منظور کر لیں۔