آڈیٹر جنرل کی جانب سے احتساب کے عمل کوپذیرائی ملی ہے،جاوید جہانگیر
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے کہا ہے کہ محکمہ آڈیٹر جنرل عوامی وسائل کو محفوظ بنانے کیلئے کام کر رہا ہے ۔ گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے کہا محکمہ آڈیٹر جنرل کی جانب سے احتساب کے عمل کو عوام میں پذیرائی ملی ہے اور انہیں یہ اعتماد ملا ہے کہ ان کے وسائل اور اثاثوں کا اچھی طرح سے تحفظ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ اب موضوعی آڈٹ کی طرف اپنی توجہ مرکوز کر رہا ہے، اس کے علاوہ ادارہ کی ساکھ کو سرکاری شعبہ کے تقاضوں کے مطابق تبدیل کرنے کیلئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں واپڈا کے آڈٹ کو پاور اور واٹر آڈٹ میں تقسیم کیا گیا، اس طرح کی اصلاحات دیگر شعبوں میں بھی کی جائیں گی جن کے نتیجہ میں ڈائریکٹر جنرلز کو کسی مخصوص موضوعی آڈٹ کرانے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے فیلڈ آڈٹ دفاتر کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ اپریل تک اپنے آڈٹ پلانز جمع کرائیں تاکہ آڈٹ کا عمل مقررہ وقت میں مکمل ہوا۔ جاوید جہانگیر نے کہا کہ ان کا ادارہ مختلف حکومتی پروگراموں کی فعالیت اور ان کی اقتصادی ساکھ کا باریک بینی سے جائزہ لیتا ہے، اس سلسلہ میں کارکردگی کے آڈٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ میں اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آڈٹ کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہلکاروں کو جدید دور کے چیلنجوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے ادا کرنی چاہئیں تاکہ شہریوں کا اعتماد بحال رہے۔