وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر اللہ سے جسٹس برجیس کی ملاقات
اسلام آباد(خبر نگار)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و انصاف ظفر اللہ سے ناردرن آئیر لینڈ کی ہائی کورٹ کے جسٹس برجیس نے ملاقات کی جس کے دوران ظفر اللہ خان نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔دونوں اطراف نے بعض اہم ترین امور پر قانون سازی کی ضرورت پر بھی زور دیا جن میں گواہوں کا تحفظ بھی شامل ہے جو قانون سازی کابڑا خاطر خواہ حصہ ہے ،کیونکہ لوگ عدالتوں میں آنے سے گھبراتے ہیں یا بعض اوقات ملزمان کے مقابلہ میں کمزور ہوتے ہیں۔ دیگر امور میں قیدیوں کی سزاؤں اور کمیونٹی سروس پے بیک آرڈر بارے قانون سازی شامل ہے۔دونوں اطراف نے عدالتی تعاون کو مضبوط بنانے اور عدالت کے حوالہ سے بین الاقوامی بہترین پریکٹیسز کے تبادلہ پر اتفاق کیا اور کیس مینجمنٹ کے مراحل،گواہوں، عدالتی احکامات اور عدالتی تفتیش اور پراسیکیوٹنگ کی تربیت کے تبادلہ پر بھی اتفاق کیا گیا۔