فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 34فوڈآوٹ لیٹس کے چالان عدالت میں پیش
اسلام آباد(وقائع نگار)ضلعی انتظامیہ نے حفظان صحت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 34فوڈ آوٹ لیٹس کے چالان جبکہ 32کو نوٹس جاری کردئیے ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ناقص اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف جاری مہم مزید تیز کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی انسپکشن ٹیموں نے حفظان صحت اور فوڈ قوانین کی خلاف ورزی پر ہوٹلوں کو 32نوٹس جاری کئے۔ ناقص کیچ اپ اور گندے برتن ضبط کر کے کاروائی کی ہے۔ٹیموں نے کل 377فوڈ آوٹ لیٹس کی انسپکشن کی ہے اور ہائی جین اور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر34فوڈ آوٹ لیٹس کے چالان عدالت میں پیش کئے ہیں۔حفظان صحت اصولوں کی خلاف ورزی پر ہوٹلوں ریسٹورنٹس کو نوٹس جاری کئے ہیں ۔ چیکنگ کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کے دس نمونہ جات تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوائے گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام فوڈ آوٹ لیٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفظان صحت کے قوانین کی پابندی کریں اور صفائی کے انتظامات اور اشیاء خوردونوش کی کوالٹی یقینی بنائیں۔