چین کی قومی پیداوار 82.7 کھرب یوان تک پہنچ گئی‘ چینی وزیراعظم
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کا اجلاس گزشتہ روز بیجنگ میں شروع ہو گیا۔ اجلاس میں چین کے وزیراعظم سی کیا کیانگ نے چینی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا ہے کہ چین کی مجموعی قومی پیداوار 54 کھرب یوان سے بڑھ کر 82.7 کھرب یوان تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کی معاشی ترقی میں سالانہ 7.1 فیصد اضافہ ہوا۔ چینی وزیراعظم نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے 6 کروڑ اسی لاکھ چینیوں کو غربت سے نکالا گیا ہے۔ چین فی کس ذاتی آمدنی میں 7.4 اضافہ ہوا۔ چین میں 6 کروڑ 60 لاکھ افراد کو ملازمتیں دی گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران چین کی مجموعی قومی پیداوار 6.5 فیصد رہے گی۔ قیمتوں میں اضافہ کی شرح 3 فیصد رہے گی۔ شہری علاقوں میں 2018 ء میں ایک کروڑ دس لاکھ نئی ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مجموعی قومی پیداوار میں خسارہ 2.6 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 0.4 فیصد کم رہے گا۔ چین اس سال سٹیل کی پیداوار میں 30 ملین میٹرک ٹن کمی کرے گا اور کوئلہ کی پیداوار میں 150 ملین ٹن کمی ہو گی۔ ریلوے کی تعمیر میں سال رواں میں 732 ارب یوان ریلوے کی ترقی پر صرف ہو گا۔