سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ پنجاب نہیں، سندھ اور کے پی کے میں ہوئی: مشاہد اللہ خان
اسلام آباد ( این این آئی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میںہارس ٹریڈنگ پنجاب میں نہیں بلکہسندھ اور خیبر پختونخوا میں ہوئی،عمران خان کے اپنے لوگ کے پی کے میں بِک گئے،پیپلز پارٹی کو بھٹو صاحب کی روح کا سوچنا چاہیے،پی پی پی اس اقدام سے آیان علی خوش ہوگی بینظیر بھٹو نہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کے سامنے پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری اور شجرکاری مہم دونوں مشکل سے ہوتی ہے،جمہوری درخت کوکاٹنے کی بجائے پانی دینے کی ضرورت ہے،نواز شریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں، اُن کیلئے عوام کا جذبہ ناقابل بیان ہے،پاکستانی قوم ہر قدم پرنواز شریف کے ساتھ ہے،عوام نے جس طرح نواز شریف کا ساتھ دیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شجرکاری مہم ہر سال فروری کے مہینے میں شروع ہوتی ہے،اس پروگرام کے تحت ہر گھر میں ایک ایک درخت لگائیں گے،پانچ ہزار گھروں میں اس حوالے سے پودے تقسیم کیے گئے ہیں، اب تک چھ سو پودے لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع شہریوں سے شجر کاری مہم میں بھر حصہ لے کر ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے کردار ادا کرنے پر زور بھی دیا۔