مالکان کاشتکاروں کے حقوق غصب نہیں کرسکتے: سپریم کورٹ، 10 شوگر ملزکی اپیلیں خارج
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) عدالت عظمیٰ نے گنے کی قیمتوں سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ سپریم کورٹ نے گنے کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر شوگر ملز مالکان کی 10 اپیلیں خارج کردی ہیں۔ عدالت نے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ تین رکنی بنچ نے سندھ ہائی کورٹ کے 27مارچ 2003ء کے فیصلے کے خلاف آرمی ویلفیئر شوگر ملز سمیت 10 ملزمالکان کی دائر اپیلوں کی سماعت کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ نو صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس فیصل عرب نے تحریر کیا۔ فیصلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ عدالت موجودہ قیمتوں کے فارمولے کو مسترد کرتی ہے گنے کی نئی قیمت مقرر کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، گنا کی کاشت کا سیزن ختم ہونے کے بعد دو ماہ کے اندر اندر پابند ہوں گے کہ وہ نئے فارمولہ کے تحت طے کردہ قیمت کسان کو ادا کریں، گنا کا سیزن دسمبر کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوتا ہے، شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ 1950کے تحت کام کرتی ہیں جس کے تحت گنے کی قیمت مقرر ہوتی ہے جو 8.7 فیصد، شرح کے حساب سے فکس کی جاتی ہے۔ شوگر ملز مالکان کاشتکاروں کے حقوق غصب نہیں کرسکتے ، قانون کی نظر میں دونوں کے حقوق برابر یہ نہیں ہوسکتا کہ ملزم مالکان اپنے حقوق کا تو دفاع کریں اور کسانوں کے حقوق اور مفاد کو نظر انداز کردیا جائے۔