شی جن پنگ کی طرح مجھے بھی تاحیات عہدہ دیا جائے: ٹرمپ کی خواہش
واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو ان کی جماعت کی جانب سے تاحیات صدارت کا عہدہ دئیے جانے کی پیشکش کا خیرمقدم کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے غیرملکی میڈیا سی این این کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلوریڈا میں امریکی صدر نے اپنے ریزورٹ پر فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی حکومتی جماعت کے فیصلے کا مسکراتے ہوئے خیر مقدم کیا۔71 سالہ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اب تاحیات صدر ہیں جس پر عوام نے دبی دبی مسکراہٹ پیش کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیکھیں انہوں نے ایسا کر دیا اور مجھے لگتا ہے یہ بہت اچھا ہے‘ جس پر عوام نے قہقہے لگانے شروع کردیئے۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ شاید ہمیں بھی کبھی ایسا کرنا چاہئے۔ امریکی حکمراں کے طنزیہ لہجے کے باوجود ان کے الفاظ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کئی افراد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔کیلیفورنیا کے کانگرس مین اور ڈیموکریٹ جماعت سے تعلق رکھنے والے رو کھنہ کا کہنا تھا کہ یہ مذاق ہو یا نہیں لیکن شی جن پنگ کی طرح تاحیات صدر بنانے کی بات امریکی صدر کی جانب سے انتہائی غیر مناسب جذبات تھے۔ خیال رہے کہ چین کی حکمراں جماعت نے شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ چین کا صدر منتخب کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے آئین میں ترمیم کی تجویز پیش کی گئی تھی۔