پاکستان ریلوے رواں برس 50 ارب روپے کمائے گا‘ سعد رفیق
اسلام آباد (خبر نگار) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ پاکستان ریلویز نے کراچی سے ایک ہی روز میں سترہ مال بردار گاڑیاں چلاکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیاہے۔وفاقی سیکرٹری ریلویز مسز پروین آغا ، چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمدجاوید انور ، مشیر وزارت ریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی اور دیگر افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی انتظامیہ اور کارکنوں کی شبانہ روز محنت نے ریلوے کی بحالی کا کارنامہ کرکے دکھا دیاہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ترقی اور جدت کے اس سفر کو آنے والے ادوار میں بھی جاری رکھا جائے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مستقبل میں قومی ادارے پاکستان ریلوے کی آمدن کو استحکام دینے اور فریٹ سروسز میں مزید اضافے کے لیے پاکستان ریلویز نے 820ہائی کپیسٹی ویگنز خریدنے کا بھی فیصلہ کیاہے جس کے لیے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ 200ویگنیں بنی بنائی خریدی جائیں گی جبکہ 620کو پاکستان ریلویز مینوفیکچر کرے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے پہلے ہی 55جدید امریکی کمپیوٹرائزڈ انجن اپنے فلیٹ میں شامل کرچکا ہے جو پہلے سے موجود انجنوں سے دوگنی طاقت کے حامل ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے اسی برس پچاس ارب روپے کمائے گا اور گذشتہ چار برسوں کے دوران ہربرس ٹارگٹ سے بھی زیادہ اور ریکارڈ ریونیو کے حصول نے پاکستان ریلوے کی نجکاری اور نیلامی کا خطرہ دور کردیا ہے اور ریلوے کے ملازمین کو چھانٹی یا بے روزگاری کا کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔