غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل انتظامات سے مطمئن پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا چیئرمین سیٹھی
کراچی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئرمین سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں ہی ہوگا اور اگر فائنل کراچی میں نہیں ہوا تو کہیں نہیں ہوگا۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور سی ای او سبحان احمد نے نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ چیئرمین پی سی بی نے انتظامیہ کو نیشنل سٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میڈیا بار بار پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے سوال نہ کرے۔ پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا اور اگر فائنل کراچی میں نہیں ہوا تو کہیں نہیں ہوگا۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل انتظامات سے مطمئن ہیں، انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان آئیں گے اور جو کھلاڑی کسی وجہ سے نہیں آنا چاہتے ان کے متبادل موجود ہیں۔ غیرملکی سکیورٹی ایجنسی کی 20 فروری کو سامنے آنے والی رپورٹ پہلے سے زیادہ تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی فروخت 15 مارچ سے شروع ہوگی، قیمت ایک ہزار سے 12ہزار تک ہو گی جب کہ لگتا ہے 25 ہزار کی جگہ کم پڑ جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کہا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں بہت کم وقت میں بہت زیادہ کام کیا گیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ سندھ حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے بہترین انتظامات کئے ہیں، غیر ملکی سیکیورٹی ایجنسی کی رپورٹ بہت تسلی بخش ہے۔ان کاکہناتھاکہ ویسٹ انڈیز ٹیم کا دورہ پاکستان کنفرم ہے،فی الحال تمام میچز لاہور کھیلے جانے کی بات ہوئی ہے لیکن کوشش کریں گے کہ مہمان ٹیم کا ایک میچ کراچی میں بھی کرائیں۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ ہم نے نیشنل اسٹیڈیم میں 18، 18 گھنٹے کام کیا اور اسٹیڈیم میں زیادہ تر کام مکمل ہوگیا ہے ’سب نے مل کر بہت کم وقت میں زیادہ کام کیا ہے اور تمام اداروں کی اس کاوش پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ پی ایس ایل فائنل کا کراچی میں انعقاد کرنا قومی مفاد کا مسئلہ تھا تب ہی اتنی تیزی سے یہاں کام ہوا، اگر یہ ایسا نہ ہوتا تو پھر انتظامی خط و کتابت میں ہی 2، 3 سال گزر جاتے۔ غیر ملکی ماہرین کی یہ رپورٹ دنیا کے تمام بورڈز کو ارسال کی گئی ہے، جس کے تحت کراچی اور لاہور میں میچز کے لیے گرین سگنلز مل گیا۔