بلوچستان کے حقوق کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرینگے‘ سینیٹر انوار الحق کاکڑ
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) نومنتخب سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قوم پرست پارٹیوں نے صوبے کے عوام کے حقوق کا اس انداز میں دفاع نہیں کیا جس طرح انہیں کرنا چاہئے تھا ہم عوام کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں کوشش ہے کہ بلوچستان کے حقوق خصوصاً سی پیک میں صوبے کیلئے زیادہ سے زیادہ حصہ حاصل کریں یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ ہمارے گروپ کے ارکان ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں ہماری کسی سے کوئی سیاسی دشمنی نہیں ہے سینیٹ میں 6 ارکان مل کر بلوچستان کے حقوق کو مدنظر رکھ کر کوئی بھی فیصلے کریں گے ہم چیئرمین سینیٹ اور قانون سازی کے معاملات میں بھی ایک دوسرے کی مشاور ت سے چلیں گے انہوں نے کہاکہ تما م بڑی جماعتوں کے ساتھ مثبت کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اللہ کو حاضر اور ناضر جان کر کہتا ہوں کہ سینیٹ انتخابات میں پچاس روپے بھی خرچ نہیں کئے اور نہ ہی مجھ سے کسی نے پیسے مانگے ہیں اس کے علاوہ جتنی بھی باتیں ہیں وہ سب سنی سنائی ہیں انہوں نے کہاکہ عبدالقیوم سومرو وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کے ذاتی دوست ہیں وہ ان سے ملنے آئے تھے اس کے علاوہ اگر کوئی معاملہ ہے تو وہ خود اس کی وضاحت کر سکتے ہیں مجھے اس حوالے سے کوئی علم نہیں۔
سینیٹر انوار الحق کاکڑ