زینب کیس: سزائے موت کیخلاف عمران کی اپیل سماعت کیلئے منظور
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے زینب کے قاتل عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مجرم کاعدالتی ریکارڈ اور جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔ دو رکنی بینچ نے اپیل کی سماعت کی۔ زینب کے والد حاجی امین اپنے وکیل کے ساتھ پیش ہوئے۔ ننھی زینب کے قاتل مجرم عمران نے سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کے توسط سے جیل اپیل دائر کی ہے۔ اپیل کے ساتھ دہشت گردی عدالت کے فیصلے کی مصدقہ کاپی بھی منسلک ہے۔ عمران نے تین صفحات پر مشتمل اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ دوران ٹرائل اس نے عدالت کا قیمتی وقت بچانے کے لئے عدالت کے سامنے اقرار جرم کیا۔ مجرم نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اقرار جرم کرنے والے مجرموں کے ساتھ عدالتیں نرم رویہ اختیار کرتی ہیں۔ مجرم نے اپیل میں کہا ہے کہ اقرار جرم کر لینے کے باوجود عدالت نے اس کے ساتھ نرم رویہ اختیار نہیں کیا اور اسے سزائے موت اور دیگر سزائوں کا حکم سنا دیا۔ وہ غربت کے باعث وکیل کی خدمات حاصل نہیں کر سکتا لہذا عدالت عالیہ اس کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے سزا میں نرمی کرے۔ انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے مجرم عمران کو زینب قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر چار مرتبہ سزائے موت، عمر قید، سات سال قید اور 32 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔
رپورٹ طلب