پیپلزپارٹی پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات بے بنیاد ہیں، نثار کھوڑو
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ کے انتخابات میں ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات بے بنیاد ہیں ممبران نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کیے ہیں۔ اب سب کے لیے بہتر آپشن پیپلز پارٹی ہی ہے۔ لاڑکانہ میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ جو کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی صرف ایک صوبے تک محدود ہوچکی ہے سینیٹ انتخابات میں سندھ کے علاوہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں پیپلز پارٹی کی کچھ نشستوں پر کامیابی ان شور مچانے والوں کی منہ پر تمانچہ ہے اب پیپلز پارٹی سینیٹ میں اپنا چیئرمین بھی منتخب کروائے گی ساتھ ہی ساتھ 2018کے عام انتخابات میں سندھ سمیت وفاق میں بھی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کا پنڈورا باکس کھل چکا ہے اب ان کا تماشا نہیں چلے گا، عام انتخابات میں ن لیگ کو پنجاب اور پی ٹی آئی کو کے پی کے میں شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے میں اپنی ناکامی دیکھ کر ابھی سے ہی کراچی سے انتخابات لڑنے کا اعلان کرچکے ہیں لیکن کراچی سے کشمور تک سندھ میں اسے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شادیاں کرتے رہیں اور سیاست میں ناکامیاں ان کے مقدر بن چکے ہیں۔ نثار احمد کھوڑو نے جام ساقی کے انتقال پر ان کے ورثاء سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جام ساقی کے انتقال سے پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتوں کا نقصان ہوا ہے ۔
نثار کھوڑو