وزیراعظم پاکستان کے دورہ نیپال سے دو طرفہ کاروباری تعلقات کو فروغ ملے گا: صدر سارک چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر )سارک چیمبر آف کامرس کے صدر سوراج ویدیا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے دورہ نیپال سے نہ صرف پاکستان اور نیپال کے درمیان جاری دو طرفہ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے دو طرفہ تجارت کے نئے مواقع کی تلاش اور سارک ریجن میں باہمی تجارت اور ترقی کی رفتار کو بہتر بنانے کا سنہری موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نی یہ بات پیر کو سارک چیمبر پاکستان چیپٹر کے نائب صدر افتخار علی ملک سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
سوراج ویدیا ( جو نیپال کے ایک بڑے صنعت کار بھی ہیں) نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ نیپال سے باہمی مفاد کے تمام شعبوں بشمول تجارت، تعلیم، سیاحت، دفاع اور عوامی رابطوں میں دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔