پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی تشکیل اور مبینہ کرپشن کیخلاف ہیومن رائٹس کمشن میں درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی تشکیل غیرقانونی قرار دینے اور کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے خلاف وفاقی حکومت کے ادارے ہیومن رائٹس کمشن کے روبرو درخواست دائر کر دی گئی۔یہ درخواست بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلیپمنٹ بورڈ کو ختم کر کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ تشکیل دیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اربوں روپے کے بجٹ کونام نہادبورڈ کے زریعے پراجیکٹس میں لگانے اور غیرقانونی بھرتیاں کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ قانون کے برعکس پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ تشکیل دے گیا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ جہانزیب خان کی جانب سے کئے جانیوالے غیرقانونی اقدامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بورڈ کی تشکیل کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔