دوران ڈکیتی تاجر کے قتل کیخلاف گوجرخان شہر بھر میں شٹرڈاﺅن
گوجرخان(نامہ نگار)گوجرخان، موبائل فون کے تاجر کی ڈکیتی کے دوران ہلاکت اور چھ لاکھ روپے لوٹنے کیخلاف مرکزی انجمن تاجران اور انصاف ٹریڈرز ونگ کی کال پر گلزار مدینہ مسجد مارکیٹ، سکھو روڈ، مڈل سکول روڈ، تحصیل روڈ کے تاجروں کا شٹرڈاﺅن ، الحاج شہادت حسین بٹ ، عزیز اللہ ،خان قیصر سجاد، غلام قمر،حاجی محبوب حسین، شاہد قریشی، راجہ سرفراز کی قیادت میں جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ و ریلی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے الحاج شہادت حسین بٹ نے کہا کہ گوجرخان میں سٹریٹ کرائمز کے بڑھتے ہوئے رحجان سے شہری اور تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں پولیس اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کیخلاف موثر کارروائی کرے موثر پولیس گشت کا انتظام کیا جائے مظاہرین نے جمیل قریشی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سات یوم کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اگر روایتی سستی دکھائی اور قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو تاجر برادری سخت لائحہ عمل طے کر کے جی ٹی روڈپر دھرنا دے گی جماعت اسلامی کے ضلعی امیر راجہ محمد جواد اور قومی اسمبلی کے جماعتی امیدوار چوہدری محمد عابد نے بھی گوجرخان میں بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل ڈکیت گینگ کی مسلسل وارداتیں پولیس کی کھلی ناکامی ہے گوجرخان پولیس روایتی تساہل پسندی کا شکار ہونے کی بجائے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کرے۔