صوبائی حکومت اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ کا حصہ نہیں دے رہی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی ایم سی کورنگی نیئر رضا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اضافی 350 ارب سالانہ کے این ایف سی ایوارڈ میں سے اضلاع کو حصہ نہیں دے رہی وہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ملیر میں سیوریج کے نظام کو درست کرنے کیلئے ڈھائی سو ملین کی ضرورت تھی یہ اسکیم اب منظور ہوئی اور اس منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے اس دوران سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا‘ ماڈل کالونی روڈ کی تعمیر پر 8 کروڑ روپے لاگت آئے گی‘ ڈی ایم سی کورنگی پہلا بلدیاتی ادارہ ہے جس نے جدید مشینری خریدی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 300 گلیوں کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے جو کہ ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں بنائی جا رہی ہے انہوں نے بتایا کہ ضلع کورنگی کی آبادی 35لاکھ ہے ڈی ایم سی کو 15 کروڑ ماہانہ فنڈز ملتا ہے جس میں سے 75 فیصد تنخواہوں کی نذر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے 350 ارب روپے بڑھ گئے ہیں۔