مہمند ایجنسی: پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر حملہ ناکام ,دس سے زائد دہشتگرد جہنم واصل , پانچ جوان شہید

06 مارچ 2017 (18:20)

 مہمند ایجنسی میں سرحد پار سے جدید ہتھیاروں سے لیس دہشتگردوں نے فورسز کی تین چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا، آئی ایس پی آر کے مطابق چیک پوسٹوں پر موجود جوانوں نے دہشتگردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دس سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔   
پاک فوج کے جوانوں کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بزدل دہشتگرد ہتھیار اور لاشیں چھوڑ کر دم دبا کر بھاگ نکلا، فائرنگ کے تبادلے میں پانچ جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں نائیک ثنا اللہ ، نائیک صفدر، سپائی الطاف، سپائی نیک محمد اور سپاہی انور شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے افغان سرحد پر جوانوں کی موجودگی کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سرحدی سلامتی کیلئےجوانوں کی سرحدپرموجودی ضروری ہے، دہشت گردمشترکہ خطرہ ہیں، سرحدپردہشت گردوں کی آزادانہ نقل وحمل روکناضروری ہے۔ آرمی چیف نے قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور وطن کےدفاع کیلئے بہادرجوانوں کی قربانیوں کی تعریف کی۔