گلگت کی استد سلیمہ بیگم عالمی ٹیچر پرائز 2017کی فہرست ٹاپ ٹین میں شامل

06 مارچ 2017

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)گلگت بلتستان کے دور افتادہ گاﺅں کی ایک پاکستانی ٹیچر سلیمہ بیگم کا نام عالمی ٹیچر پرائز 2017ءکی حتمی فہرست میں ٹاپ ٹین میں شامل کر لیا گیا۔ واکی فاﺅنڈیشن ویب سائٹ پر فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق گلوبل ٹیچر انعام ایک ملین ڈالر کا ہے جو غیر معمولی کارکردگی کی حامل پیشہ ور اساتذہ کو دیا جاتا ہے۔ سلیمہ بیگم طلبہ کی تعمیری اور تخلیقی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے پر یقین رکھتی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کمرہ جماعت میں عملی زندگی کے قریب ترین ماحول میں درس و تدریس اور نصابی کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار دیتی ہیں۔ سلیمہ بیگم کا نام جمیکا، سپین، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا، برازیل، آسٹریلیا، کینیا اور چین کے سرفہرست 10 اساتذہ کی فہرست میں شامل ہے جو پاکستان کیلئے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اس وقت وہ گلگت میں طالبات کے ایلیمنٹری کالج میں معلمہ کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔