پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانا جراتمندانہ اقدام ہے، سردار نسیم

06 مارچ 2017

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی کی مقامی سیاسی قیادت نے پی ایس ایل فائنل میچ کے انعقاد کو انتہائی جرا¿ت مندانہ اور مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت خصوصاً میاں شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ان کی جرا¿تمندی کے باعث فائنل میچ کا لاہور میں انعقاد ممکن ہوا جو دہشتگردوں کو کھلا پیغام ہے کہ پاکستانی قوم ان کے سامنے سرجھکانے والی نہیں۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے میئر سردار محمد نسیم خان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ہر جانب گھٹن کا ماحول تھا پی ایس ایل فائنل یقیناً بہت ہی جرا¿تمندانہ اور قابل فخر کارنامہ ہے۔ جس سے ملک بھر میں عوام کے چہروں پر خوشی اور مسرت کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ سردار محمد نسیم خان نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد سے اس میچ کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ محمد حنیف عباسی چیئرمین پنجاب سپورٹس بورڈ نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس کا کریڈٹ میاں شہباز شریف اور پوری قوم کو دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے جس کی وجہ سے پی ایس ایل فائنل کھیلا گیا۔ یہ محض ایک کرکٹ میچ نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا پیغام ہے جو مستقبل میں پوری قوم کیلئے نوید لے کر آئے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کو تو دعوت دی گئی تھی لیکن وہ اگر نہیں آئے تو یہ انکا اپنا فیصلہ ہے کہ انہوں نے ہماری میزبانی قبول نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو جو لاہور ریلوے سٹیشن پر جوتا مارا گیا ہے یہ نامناسب ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سجاد خان نے پی ایس ایل فائنل پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے انتہائی شاندار اور خوش کن فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے پوری قوم میں ایک امید پیدا ہوئی ہے کہ دہشت گردوں کا راج نہیں چلے گا۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف، میاں شہباز شریف کو اس کا کریڈٹ دیا۔ ایم این اے ملک ابرار نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فائنل دراصل دہشت گردوں کی موت ہے جو ہمارے پیارے وطن کو نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے تھے لیکن اب انہیں یہ پیغام گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہے اور انکا مقابلہ ڈٹ کے کرے گی اور انہیں مار بھگائے گی۔