;لاپتہ افراد تحقیقاتی کمشن نے گزشتہ ماہ 27 افراد بازیاب کرائے

06 مارچ 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے جسٹس(ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے فروری 2017ءکی رپورٹ جاری کر دی ۔کمیشن نے گزشتہ ماہ کے دوران مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے286 کیسوں کی سماعت کرتے ہوئے 35کیس نمٹا دیے ،27فراد کو بازیاب کرایا گیاجبکہ گزشتہ ماہ کے دوران کمیشن کے پاس مبینہ طور پر جبری گمشدگی کے 52نئے کیس درج ہوئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد1240ہوگئی ہے ۔اتوار کوکمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق فروری 2017کے دوران جسٹس (ر) جاوید اقبال، جسٹس (ر)ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے206 کیسوں کی اسلام آباد اور 80کیسوں کی کراچی میںسماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے ، فروری میں کیسوں کی تفصیلی سماعت کے دوران27 لاپتہ افراد کا سراغ لگایاگیاجبکہ 4افراد کے کیس جبری گمشدگی کے زمرے میں نہ آنے پر فہرست سے خارج کر دیے گئے،3کیسوں کو نامکمل کوائف پر بند کر دیا گیا اور 1ڈیڈ باڈی ریکور کرائی گئی ،جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں محمد اسلم ‘ زوہیب‘ ندیم بلوچ‘ ندیم قاضی ‘ اختر علی‘ محمد کلیم خان‘ عمر دراز ‘ راﺅ شرافت علی‘ شعیب غفران‘ عبدالواحد‘ ساجد خان‘ سلمان حیدر‘ وقاص گورایہ‘ عاصم سعید‘ احمد رضا‘ موسیٰ خان‘ فاروق عمر‘ عظیم خان‘ راحیل محفوظ‘ سید مراتب علی شاہ‘ محمد اکرم ‘ طاہر فاروق بھٹی‘ قاسم علی‘ رضوان علی‘ ہیبت خا ن،محمد عقیل احمد اور‘ محمد نعمت نور شامل ہیں۔ کمیشن نے www.coioed.pk کے نام سے ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر کیسوں کی تفصیل اور سماعت کی تاریخوں سمیت دیگر معلومات دستیاب ہیں جبکہ سول سیکرٹریٹ پنجاب لاہور میں کمیشن کا باضابطہ طور پر سب آفس قائم کر دیا گیا ہے اس سب آفس کا رابطہ نمر042.99210884 ہے۔