دہشت گردی کیخلاف جدوجہد کو عوامی تحریک میں بدلنا ہو گا‘ طاہر اشرفی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) انتہاءپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف جدوجہد کو عوامی تحریک کی شکل دینی ہو گی ۔ ملک میں امن و امان کا قیام فوج کی نہیں عوام کی ضرورت ہے ۔ حکومت سیاسی و مذہبی قیادت آپریشن رد الفساد کی مکمل حمایت اور ذمہ داری لیں ۔ پاکستان علماءکونسل کرپشن کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی ۔ مالی کرپشن کے خاتمہ کے بغیر دہشت گردی اور انتہاءپسندی ختم نہیں ہو سکتی ۔ یہ بات پاکستان علماءکونسل کے زیر اہتمام لاہور سے ڈیرہ غازی خان تک کاروان امن و سلامتی کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ۔ پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ساتھ اگر قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل ہوتا تو دوبارہ دہشت گردی کے واقعات نہ ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کی ہر سطح پر حمایت کی جا رہی ہے ۔ مسلم دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ فکری اور نظریاتی طور پر انتہاءپسندی پھیلانے والوں کو روکنا ہو گا ۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت کو قومی بیانیہ کی طرف توجہ دینی ہو گی اور جنرل ناصر جنجوعہ کی سربراہی میں قومی بیانیہ کے سلسلہ میں کوششوں کو عملی شکل دینی ہو گی ۔پاکستان علماءکونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس مساجد اور مذہبی طبقہ نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔ دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خلاف مدارس ، مساجد حکومت افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔