مزید مضبوط اور متحد ہوئے، دنیا پر ثابت کردیا تنہائی کے دن ختم ہوگئے: نواز شریف

06 مارچ 2017

لاہور + کویت (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد سے ہم مزید مضبوط اور متحد ہوئے ہیں، ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ تنہائی کے دن ختم ہو گئے ہیں، کرکٹ کا کھیل ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، خوشی ہے کہ بہت سارے اقداماتسے عوام کو پسندیدہ کھیل دیکھنے کا موقع ملا، پی ایس ایل فائنل مستقبل کے لئے نیک شگون ہے۔ گذشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام رکاوٹوں اور ہر قسم کے خوف کے باوجود ہم آگے بڑھے ہیں۔ گزشتہ چار سال میں مضبوط، محفوظ اور مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد سے ہم مزید مضبوط اور متحد ہوئے ہیں، ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ تنہائی کے دن ختم ہو گئے ہیں، کرکٹ کا کھیل ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، خوشی ہے کہ بہت سارے اقدامات سے عوام کو پسندیدہ کھیل دیکھنے کا موقع ملا ، پی ایس ایل فائنل مستقبل کے لئے نیک شگون ہے۔ ہم نے عوامی توقعات کے مطابق سازگار ماحول فراہم کیا۔ پی ایس ایل فائنل کھیل کے میدان میں پاکستان کی واپسی کی جانب پہلا قدم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر آج کویت جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کو دورے کی دعوت کویت کے امیر صباح احمد الجابر الصباح نے دی ہے۔ دونوں ممالک میں افرادی قوت، سرمایہ کاری، تجارت اور معیشت سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے، قریبی روابط اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہو گی۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف گذشتہ روز لاہور سے اسلام آباد چلے گئے۔ جاتی عمرہ رائے ونڈ سے ائر پورٹ جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر سے میاں نواز شریف نے قذافی سٹیڈیم کا فضائی معائنہ کیا۔ کویت کے وزیراعظم شیخ جابر المبارک الفاظ ان کا استقبال کریں گے۔ ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی جائے گی۔ بعدازاں انہیں قصر بیان میں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا اور وہ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔ 7فروری کو اہم میٹنگ میں شرکت کریں گے اور امیر کویت شیخ جابر الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے انہیں اور وفد کے اعزاز میں صحرا میں سجے خیمے میں ظہرانہ دیا جائے گا اور اسی شام وہ واپس پاکستان روانہ ہو جائیں گے۔ وزیراعظم کی کویت آمد پر مقامی اخبارات میں خصوصی اشاعت کی گئی ہے۔