پی ایس ایل فائنل کا کامیاب انعقاد‘ قوم نے دہشت گردی کو شکست دیدی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان سپر لیگ 2 کے لاہور میں کامیاب فائنل کاانعقاد کر کے پوری قوم نے ”دہشت گردی“ کو شکست دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی اداروں کی جانب سے لاہور میں کرکٹ کے انعقاد کے موقع پر دہشت گردی خطرات کا اظہار کیا گیا تو حکومت پنجاب تذبذب کا شکار ہو گئی لیکن وزیراعظم نواز شریف نے پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل میچ کے انعقاد میں وفاقی حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا کر میچ لاہور میں کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی پچھلے دو روز سے لاہور میں ہیں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بعض سیاسی عناصر جن میں عمران خان پیش پیش تھے کی پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کی مخالفت کو خاطر میں نہ لائی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ایک بڑا ”پولیٹیکل ایڈونچر“ کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان میں سیاسی مخالفین کو یہ باور کرا دیا ہے کہ حکومت کا امن و امان کی صورت پر کنٹرول ہے بلکہ انہوں نے ”دنیائے کرکٹ“ کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لئے ”محفوظ ملک“ ہے۔ لاہور میں فائنل میچ کا کامیاب انعقاد کرا کر پاکستان میں بین الاقوامی میچوں کے انعقاد کی راہ ہموار کر دی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جو کرکٹ کے میدان سے سیاست کی وادی میں آئے ہیں نے فائنل میچ دیکھنے کی دعوت قبول نہ کر کے ایک نادر موقع ضائع کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور میں فائنل میچ کرا کر جہاں ”میلہ“ لوٹ لیا ہے وہاں عمران خان جیسے بڑے کھلاڑی نے اپنی عدم شرکت کا غیر سیاسی فیصلہ کیا ہے۔ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے جہاں ملکی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے وہاں پوری دنیا میں پاکستان کا روشن چہرہ واضح ہو گیا ہے۔