شہباز شریف کی دلیری سے فائنل ممکن ہوا: نجم سیٹھی

06 مارچ 2017

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل شہبازشریف کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ اس موقع پر مجھے ایک ہی نام ذہن میں آتا ہے اور وہ چیف منسٹر پنجاب محمد شہبازشریف کا نام ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی اور انتظامی ٹیم کے ساتھ دن کو رات اور رات کو دن بنادیا۔ اس موقع پر کرکٹ شائقین نے بلند آواز میں نعرے لگا کر تائید کی۔ نجم سیٹھی نے بتایاکہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے انعقاد کے لئے ہرممکن کوشش کی ہے۔ انہوں نے فائنل میچ کے پر امن انعقاد کے لئے بھر پور انتظامی صلاحیتوں اور قابل تقلید جرات اور دلیری کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا کہ بہت عرصے بعد شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم میں دیکھا بہت خوشی ہوئی۔ سپر لیگ کا لاہور میں فائنل بہت بڑی کامیابی ہے۔ جائلز کلارک کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پاکستان کے حوالے سے پیش کی گئی رپورٹ بہت مثبت تھی اس فائنل کے کامیاب انعقاد سے بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے ہمارا کیس بہت مضبوط ہو گا۔ سپر لیگ فائنل کے لئے آنیوالے تمام غیر ملکی کرکٹرز، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کا بہت مشکور ہوں۔