پاکستان جیت گیا دہشتگرد ہار گئے،پشاور زلمی پی ایس ایل چیمپئن ، کرکٹ کی واپسی پر ملک بھر میں جشن

06 مارچ 2017

لاہور (چودھری اشرف) پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی چیمپیئن بن گئی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پشاور نے کوئٹہ ٹیم کو 58 رنز سے شکست دیکرچیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ 149 رنزکے ہدف کے تعاقب میںکوئٹہ کی ٹیم 16.3 اوورز میں 90 رنز پر آﺅٹ ہوگئی۔ 5 کے سکور پر انکی دو وکٹیں گر گئی تھیں۔ کورنی وین وائیک ایک کے انفرادی سکور پر رن آوٹ ہوگئے جبکہ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے انعام الحق 3 رنز بنا پر اصغر کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔ کوئٹہ کی تیسری وکٹ احمد شہزاد کی گری جو پشاور زلمی کے حسن علی کو بڑی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں خوشدل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد نے پانچ گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک رنز بنا سکے۔ کوئٹہ ٹیم کے کپتان سرفراز میدان میں آئے انہوں نے جارحانہ اندار اپنایا، تاہم 11 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر حفیظ کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوگئے۔ کوئٹہ کی پانچویں وکٹ 37 کے سکور پر گری جب سعد نسیم بھی صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے انہیں وہاب ریاض نے افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آ¶ٹ کیا۔ کوئٹہ نے اپنے 50 رنز 9.2 اوورز میں مکمل کیے۔ قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم کے کپتان سرفراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے ڈیوڈ میلان اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 42 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ پانچویں اوور کی چوتھی بال پر ڈیوڈ میلان 17 کے انفرادی سکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر میں شامل کیے جانے والے نئے کھلاڑی ریاد ایمرٹ کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ کامران اکمل نے مارلن سیموئل کے ساتھ تیز رفتاری میں سکور کرنا شروع کیے۔ پشاور زلمی کا سکور 82 پر پہنچا تو اسے اوپر تلے دو کھلاڑیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ دسویں اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل جو کوئٹہ کے لیے خطرہ بنتے جا رہے تھے، کو 40 کے سکور پر حسن خان نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ کامران اکمل نے 32 گیندوں کا سامنا کیا جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ 82 کے ٹوٹل پر گیارویں اوور کی پہلی گیند پر نواز نے مارلن سیموئل کو کلین بولڈ کر کے پشاور ٹیم کے رنز کی رفتار کو آہستہ کر دیا۔ سیموئل نے 17 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز سکور کیے۔ بنوں سے تعلق رکھنے والے خوشدل شاہ بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے۔ انہوں نے پانچ گیندوں پر صرف ایک سکور کیا اور حسن خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ ہو گئے۔ 86 کے سکور پر پشاور کی ٹیم کے چار اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پشاور ٹیم کے رنز کی رفتار مزید آہستہ ہو گئی۔ پشاور کے سو رنز 14 اوورز میں مکمل ہوئے۔ حفیظ اور افتخار کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 26 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ حفیظ 12 رنز بنا پر ریاد ایمرٹ کا شکار ہو گئے۔ حفیظ نے 13 گیندوں کا سامنا کیا جس میں صرف ایک بونڈری لگا سکے۔ 112 کے ٹوٹل پر ہی پشاور کو چھٹی وکٹ کا نقصان افتخار کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب افتخار ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ریاد ایمرٹ کی گیند پر 14 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ افتخار نے 21 گیندوں کا سامنا کیا جس میں انہوں نے ایک چوکا لگایا۔ پشاور کی ٹیم نے آخری 20 بال پر اپنے ٹوٹل میں 36 رنز کا اضافہ کیا جس میں کپتان ڈیرن سیمی کے 11 گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 28 ناٹ آوٹ رنز نمایاں تھے جبکہ کرس جورڈن 8 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے باولنگ میں ریاد ایمرٹ سب سے کامیاب باولر رہے جنہوں نے 31 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ حسن خان نے 34 رنز دیکر دو اور نواز نے 15 رنز دے کر ایک کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی۔