کھلاڑی کی شائقین کے ساتھ سیلفیاں اداکارہ میرا بغیر ٹکٹ میچ دیکھنے پہنچ گئی

06 مارچ 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا کا فائنل میچ دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد میچ شروع ہونے سے پانچ گھنٹے پہلے ہی سٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئی تھی۔ منچلے نوجوانوں اور خواتین نے فائنل میچ کھیلنے والی ٹیموں کی شرٹس کے علاوہ چہروں پر پینٹنگز بنوا رکھی تھی۔ سٹیڈیم میں ٹیموں کی یونیفارم کٹ پہن کر آنے والے شائقین کے لحاظ سے پشاور زلمی کے سپورٹرز کا پلڑا بھاری رہا اور تمام انکلوژرز میں پشاور زلمی کے سپورٹرز کی تعداد زیادہ دیکھنے میں آئی۔ شائقین کی سہولت کے لئے 9پارکنگ سٹینڈز قائم کیے گئے تھے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم اور پنجاب سٹیڈیم کی فلڈلائٹس نے رات کو دن کے سماں میں تبدیل کردیا، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں شائقین کرکٹ کےلئے 6مختلف مقامات پر صاف پانی کے پوائنٹس بھی قائم کیے گئے تھے۔پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے لئے میڈیا کے سٹیڈیم میں داخلے کا بندوبست لبرٹی مارکیٹ ،کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ سے کیا تھا جبکہ پارکنگ کا بندوبست لبرٹی مارکیٹ اور ایف سی کالج میں تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جادو سر چڑھ کر بولتا رہا، ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں شہری ایونٹ کے کامیاب اور پ±ر امن انعقاد کے لئے دعا گو رہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ تمام تر مخالفت کے باوجود اور دہشت گرد حملوں کو شکست دے کر پاکستان میں کرکٹ واپس آگئی اور فائنل کا دن پاکستان کرکٹ کی فتح کا دن ہے۔ عوام کے علاوہ حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماو¿ں کے ٹویٹ اورفیس بک پر پیغامات نے سوشل میڈیا کی اہمیت کو دوچند کر دیا ہے۔ فائنل دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بھرپور تیاریوں کیساتھ میدان میں آئے۔ قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں قومی پرچموں کی بہار تھی۔ فیس پینٹنگ کا شوق بھی عروج پر نظر آیا۔ اس موقع پر بچے مختلف ماسک پہن کر سٹیڈیم آئے۔ اداکارہ میرا بغیر ٹکٹ میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئیں تاخیر سے پہنچنے اور ٹکٹ کے بغیر سٹیڈیم آنے پر سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں داخلے سے روک دیا۔ اداکارہ کافی دیر تک سکیورٹی اہلکاروں سے بات چیت کرتی رہیں۔