;سٹیڈیم میں داخلے سے قبل بائیومیٹرک تصدیق ایلیٹ فورس کا اہلکار ظاہر کرنے والا تصدیق نہ ہونے پر گرفتار، ٹکٹ بلیک کرنے والا بھی پکڑا گیا

06 مارچ 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ این این آئی) پاکستان سپر لیگ کا فائنلدیکھنے کےلئے آنے والے شائقین کرکٹ کو اصل قومی شناختی کارڈ موجود ہونے کے باوجود بائیومیٹرک تصدیق کے بعد سٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ کئی شائقین کرکٹ نے شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے اور گم ہونے کا عذر پیش کیا لیکن سکیورٹی نے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا جس کے باعث توں تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے مشکوک نظر آنے والے کئی افراد کے کوائف چیک کئے۔ پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے اداروں کے اہلکار قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں مسلسل پیٹرولنگ کرتے رہے۔ اس دوران مشکوک نظر آنے والے کئی افراد کو روک کر ان کی جامع تلاشی لی گئی۔ اس دوران خود کو ایلیٹ فورس کا اہلکار ظاہر کرنے والے ایک شخص کو تصدیق نہ ہونے پر حراست میں لے کر پوچھ گچھ کےلئے مقامی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ فائنل کے ٹکٹ بلیک میں فروخت کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔