لاہور سمیت آج پوری قوم خوش ہے ، کچھ لوگ منفی باتیں کررہے ہیں، مریم اورنگزیب

06 مارچ 2017

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے عالمی کرکٹ پھر سے پاکستان میںبحالی کی طرف جائے گی ، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اور انشااللہ بہت جلد ملک کے تمام کرکٹ سٹیڈیم آباد ہوں گے،پی ایس ایل فائنل کا انعقاد دہشتگردوں کےلئے واضح پیغام ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کےخلاف متحد ہے،کہ لاہور سمیت آج پوری قوم خوش ہے اور یہ ہے وہ پاکستان جو اصل پاکستان ہے جس کا وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013ءمیں قوم سے وعدہ کیا تھا، اتنا کچھ اچھا ہونے کے باوجود آج بھی کچھ لوگ منفی باتیں کررہے ہیں ،خوشی کے اس ماحول میں ایسے لوگوں کے بارے میں بات کرنا مناسب نہیں کیونکہ یہ ماحول پاکستان کےلئے خوشخبری ہے۔ اتوار کو ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں فائنل پر پوری قوم خوشی منا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میچ سے نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان میں خوشیاں منائی جا رہی ہیں کیونکہ کرکٹ ہی وہ ایسا کھیل ہے جو پاکستانیوں کے دلوں کے بہت قریب ہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح پنجاب حکومت سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز اور افواج پاکستان اور پوری پاکستانی قوم نے ایک پختہ عزم اور جوش کا مظاہرہ کیا ہے اور ہر طرف ایک خوش کا سماں ہے اور یہی وہ پاکستان ہے جس کا وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2013ءمیں قوم سے وعدہ کیا تھا، وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے پی ایس ایل کے لاہور میں فائنل کا جو بیڑا اٹھایا تھا وہ کامیابی سے بلاخوف وہراس انعقاد پذیر ہو رہا ہے اور بزدل دہشت گردوں نے خوف و ہراس پھیلانے کی جو کوشش کی تھی انہیں ایک بھرپور جواب دیا جا رہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت آج پوری قوم خوش ہے اور یہ ہے وہ پاکستان جو اصل پاکستان ہے، انہوں نے کہا کہ کھیل ایک تندرست معاشرے کا عکاس ہے اور یہ سرگرمیاں پاکستان میں دوبارہ سے واپس آ رہی ہیں جو خوش آئند ہے، پاکستان کے کھیل کے میدان پھر سے آباد ہو رہے ہیں اور پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے عالمی کرکٹ پھر سے پاکستان میں بحالی کی طرف جائے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتنا کچھ اچھا ہونے کے باوجود بھی وہ لوگ جو آج بھی منفی باتیں کر رہے ہیں اور حکومت کی تعریف کی بجائے بلاوجہ تنقید کر رہے ہیں ان کے بارے میں آج تو میں کچھ بھی نہیں کہوں گی کیونکہ آج ایک خوشی کا ماحول ہے، پاکستان کے لیے خوشخبری ہے اور ہمیں ان لوگوں کی بات کرنی چاہیئے جنہوں نے اس پی ایس ایل کے کامیاب ایونٹ کے انعقاد میں حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت کا ساتھ دیا اور وہ لوگ حقیقت میں مبارکباد کے بھی مستحق ہیں، مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انتظامی امور کو انتہائی احسن انداز میں ترتیب دینے اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کو داد دینی چاہیئے، پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد پر حکومت پنجاب مبارکباد کی مستحق ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اور ہم عالمی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور جن جن لوگوں نے بھی پاکستان آ کر یہاں بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے جو اعتماد دیا ہے وہ بھی لائق تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو کرکٹ سے بہت زیادہ لگاﺅ ہے اور پی ایس ایل کے فائنل جیسے کامیاب ایونٹس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ انشااللہ بہت جلد پاکستان کے تمام کرکٹ سٹیڈیم آباد ہوں گے۔