28شہروں میں ٹرمپ کے حامیوں کی ریلیاں، مخالفین سے جھڑپیں
واشنگٹن (این این آئی + آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفری پابندیوں کا نیا صدارتی حکم نامہ آج (پیر کو) جاری کریں گے، غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئے حکم نامے میں پابندی کی زد میں آنے والے 7 مسلمان ممالک کی فہرست میں سے عراق کو نکالے جانے کا امکان ہے۔ عراق کو استثنیٰ دینے کا فیصلہ داعش کے خلاف جاری جنگ کے تناظر میں کیا گیا ہے جبکہ ایران‘ لیبیا‘ شام‘ صومالیہ‘ سوڈان اور یمن پر بدستور پابندیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ریلیوں کے بعد اب ٹرمپ کے حامی بھی میدان میں آگئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطا بق صدر ٹرمپ کے حامیوں نے امریکہ بھر میں 28 مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں صدر کے حق میں ریلیاں نکالیں۔ ریلی میں شریک افراد کا کہنا تھا اس وقت صدر کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ٹرمپ نے نوکریاں دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ وہ سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔