امریکہ اور حواری پاکستان کی ایٹمی صلاحیت نظریاتی اساس ختم کرنا چاہتے ہیں سراج الحق

06 مارچ 2017

چارسدہ (آئی این پی ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی سامراج اور ان کے حواریوں نے اپنے مفادات کیلئے پاکستان اور افغانستان پر جنگ مسلط کی ہے ۔ مغرب میں قائم اسلحہ کے ہزاروں کار خانے چلانے کیلئے مسلم دنیا میں امن کی بجائے جنگ و جدل امریکہ کی ترجیح ہے ۔ امریکہ پاکستان کی نظریاتی اساس ، ایٹمی صلاحیت اور فوجی طاقت ختم کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہے ۔ انتہاء پسندانہ سوچ ختم کرنے کیلئے ریاست اور حکومت سنجیدہ اقدامات کرکے دہشت گردی پر قابو پا سکتی ہے ۔کلبھوشن جیسے بڑے آفیسر کی گرفتاری کو حکومت عالمی سطح پر پاکستان کے حق میں کیش نہ کر سکی ۔ پانامہ لیکس کا فیصلہ جو بھی آئے مگر ایک بات واضح ہے کہ پانامہ لیکس نے حکومت کی اخلاقی ساکھ ختم کر دی ہے ۔ وہ سرڈھیری میں جماعت اسلامی کے تحصیل ممبر ہارون خان کی رسم نکاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتا ق احمد خان ، ضلعی امیر محمد ریاض خان ، جنرل سیکرٹری سیف اللہ خان درانی، سیکرٹری اطلاعات نور حسین ، سابق امیر مصباح اللہ ، جاوید خا ن اور پارٹی کے دیگر ذمہ داران بھی موجو دتھے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی وطن عزیز کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے کا مکمل ایجنڈا رکھتی ہے جس کا اعتراف ملکی اور بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں اس لئے عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ حقیقی تبدیلی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فاٹا کے حوالے سے ریفارم کمیٹی کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم ، آبادی کے تناسب سے صوبائی اسمبلی اور کابینہ میں کوٹہ اختیارات دیئے جائیں ۔ ایک سوال کے جوا ب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر کلبھوشن کی گرفتار ی کو پاکستان کے حق میں کیش نہ کر سکی ۔ اگر خدانخواستہ ایسا موقع بھارت کے ہاتھ آتا تو وہ ملزم کو پنجرے میں بند کرکے اقوام متحدہ میں پیش کر تا ۔ کلبھوشن کی گرفتاری سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ را‘ موسادا ور سی آئی اے پاکستان میں پوری طرح متحرک ہے ۔ دریں اثناء بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بھیس بدل کر عوام کو لوٹنے والا ٹولہ اب قوم کو مزیددھوکہ نہیں دے سکتا۔ کرپشن کے خلاف جو تحریک شروع کی تھی اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اب نوجوان کمربستہ ہیں اور انقلاب کیلئے تیار ہیں ملک میں غریب کے لئے کوئی جگہ نہیں کھیل کود پر بھی ٹیکس لگادیا گیا ہے۔ حکمرانوں کے بس میں ہوتا تو سورج کی قدرتی روشنی پر بھی ٹیکس لگادیتے ملکی جغرافیہ کو غریب عوام سے نہیں بلکہ اس ٹولے سے خطرہ ہے جن کے نام اور پارٹیاں مختلف اور نظریہ اور کردار ایک ہیں اورا ن کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا۔
سراج الحق