پانی کا مسئلہ سنگین ہو چکا‘ کالا باغ ڈیم کی فوری تعمیر ناگزیر ہے: اسلام آباد چیمبر آف کامرس
اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کہ پانی کی کمی سنگین مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔پاکستان میں آبی وسائل تیزی سے کم ہو رہے ہیںمگر پالیسی ساز اس اہم معاملہ سے لاتعلق نظر آتے ہیں۔ 1951 سے اب تک فی کس پانی کی دستیابی میں 80 فیصد کمی آ چکی ہے جبکہ تربیلا ڈیم کے بعد کوئی میگا پراجیکٹ نہیں بنایا گیا ہے جو مجرمانہ غفلت ہے۔ملک میں کالا باغ سمیت متعدد مقامات پر ڈیم بنائے جا سکتے ہیں مگر اس سلسلہ میں پیش رفت قابل اطمینان نہیں۔شاہد رشید بٹ نے کہا کہ موسمیاتی تغیر کی وجہ سے ملک میں بارشوں کا وقت اور انداز بدل رہا ہے جبکہ زیر زمین پانی پر ضرورت سے زیادہ انحصار کی وجہ سے اسکی سطح خطرناک حد تک گر رہی ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد کم ہوتی جا رہی ہے بلوچستان کی صورتحال سب سے سنگین ہے جہاں کئی علاقوں میں قحط جیسی صورتحال ہے جس کی ایک وجہ کانکی کی بعض صنعتوں میں پانی کا بے دریغ استعمال ہے جبکہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دینے میں مصروف ہیں۔