ریلیاں روکنا نازیوں کی حرکتوں جیسا عمل ہے: اردگان کی جرمنی پر تنقید

06 مارچ 2017

انقرہ (بی بی سی+ نیوز ایجنسیاں) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے جرمنی کے کئی شہروں میں اپنے حامی ترک شہریوں کی ریلیوں کو روکے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے نازی دور کے اقدام سے تشبیہ دی ہے۔ یہ ریلیاں ترکی میں آئندہ ماہ آئینی تبدیلیوں کے لیے ہونے والے ریفرینڈم کے تناظر میں منعقد کی جانی تھیں اور ان کا مقصد جرمنی میں مقیم 30 لاکھ ترک باشندوں کو ووٹ دینے پر آمادہ کرنا تھا۔ اتوار کو استنبول میں خواتین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردگان نے کہا کہ آپ کے اعمال ماضی کے نازیوں کے عمل سے الگ نہیں ہیں۔ ترکی میں حکام کے مطابق صدر کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے تحاویز پر 16 اپریل کو ریفرنڈم کرایا جائے گا۔ رجب طیب اردوغان کا کہنا ہے کہ مجھے لگا تھا کہ جرمنی کافی عرصہ قبل (نازیوں کے عمل) چھوڑ چکا ہے۔ ہمیں غلطی ہوئی تھی۔ خبر رساں ادراے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے جرمنی کے کئی علاقوں میں سکیورٹی خدشات کے باعث صدر اردوغان کے وزرا کی طے شدہ مصروفیات منسوخ کر دی گئی تھیں۔ اردگان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ہمیں جمہوریت کا درس دیتے ہیں اور پھر اسی ملک کے وزرا کو وہاں بات کرنے نہیں دیتے، جرمنی آرا اور خیالات کا احترام نہیں کر رہا۔ دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم سے اس معاملے کو ختم کرنے کے لیے کوششیں کرنے کے لیے کہا ہے۔ ادھر ترک صدر کے اختیارات میں اضافے کیلئے آئندہ ماہ ریفرنڈم کے حق میں ’’ہاں‘‘ کیلئے مہم چلائی۔ پرچموں سمیت ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔