دہشت گردی کو شکست پی ایس ایل رنگارنگ تقریب جشن کھلاڑی شائقین جھوم اٹھے

06 مارچ 2017

لاہور ( اسپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کیلئے گراونڈ کے اندر سٹیج بنایا گیا تھا جس پر بڑا کرکٹ بیٹ‘ بال اور وکٹیں سجائی گئی تھیں۔ سٹیج پر فنکاروں نے چاروں صوبوں کے ثقافتی رنگ بکھیرے۔ اختتامی تقریب میں علی ظفر‘ فاخر‘ شہزاد رائے‘ فراد ہمایوں‘ علی عظمت نے پرفارم کیا۔ فائنل میچ کے آغاز سے قبل سٹیڈیم میں ڈی جے کی مدد سے شائقین کرکٹ کو ملی نغمے اور پی ایس ایل کا آفیشل سونگ چلا کر محظوظ کیا جاتا رہا۔ شائقین کرکٹ نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ ”دہشت گردی کی جنگ کرکٹ سے جیت لی گئی ہے‘ ہم پاکستان سے پیار کرتے ہیں“۔ میچ سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کی ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم کا چکر لگایا جس پر شائقین کرکٹ نے انہیں دل کھول کر داد دی۔ اس موقع پر غیرملکی کھلاڑیوں خاص طور پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے شائقین کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ ڈیرن سیمی نے پاکستان فوج کے پیرا گلائیڈرز کے ساتھ بھی سیلفی بنائی جس پر ایک جوان نے انہیں اپنی کیپ پہنائی۔ ڈیرن سیمی نے کیپ کے ساتھ میدان کا چکر پورا کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے احمد شہزاد نے بھی کوئٹہ کی روایتی کیپ اپنی ٹیم کے غیرملکی کھلاڑی کو پہنائی۔ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے 6 پیرا گلائیڈرز نے 10 ہزار فٹ کی بندی سے چھلانگ لگائی اور سٹیڈیم کے اندر اپنے مقررہ ہدف پر کامیاب لینڈ کیا۔ سب سے پہلے لاہور قلندر کا پرچم تھامے پیراگلائیڈر سٹیڈیم میں اترا۔ اسکے بعد اسلام آباد یونائٹیڈ کا پرچم والے پیرا گلائیڈر‘ تیسرے نمبر پر کراچی کنگز‘ چوتھے نمبر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر پانچویں نمبر پر پشاور زلمی جبکہ چھٹے نمبر پر پاکستانی پرچم تھامے پیرا گلائیڈر اپنے ہدف پر پہنچا۔ پیرا گلائیڈرز کے کامیاب مظاہرہ پر شائقین کرکٹ نے دل کھول کر انہیں داد دی۔ ملک بھر میں عید کا سماں رہا۔
افتتاحی تقریب