رکاوٹوں‘ خوف کے باوجود آگے بڑھے‘ ثابت کر دیا تنہائی کے دن ختم ہو گئے : نوازشریف
لاہور + کویت (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد سے ہم مزید مضبوط اور متحد ہوئے ہیں، ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ تنہائی کے دن ختم ہو گئے ہیں، کرکٹ کا کھیل ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، خوشی ہے کہ بہت سارے اقدامات سے عوام کو پسندیدہ کھیل دیکھنے کا موقع ملا، پی ایس ایل فائنل مستقبل کے لئے نیک شگون ہے۔ گذشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام رکاوٹوں اور ہر قسم کے خوف کے باوجود ہم آگے بڑھے ہیں۔ گزشتہ چار سال میں مضبوط، محفوظ اور مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے انعقاد سے ہم مزید مضبوط اور متحد ہوئے ہیں، ہم نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ تنہائی کے دن ختم ہو گئے ہیں، کرکٹ کا کھیل ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، خوشی ہے کہ بہت سارے اقدامات سے عوام کو پسندیدہ کھیل دیکھنے کا موقع ملا ، پی ایس ایل فائنل مستقبل کے لئے نیک شگون ہے۔ ہم نے عوامی توقعات کے مطابق سازگار ماحول فراہم کیا۔ پی ایس ایل فائنل کھیل کے میدان میں پاکستان کی واپسی کی جانب پہلا قدم ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر آج کویت جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کو دورے کی دعوت کویت کے امیر صباح احمد الجابر الصباح نے دی ہے۔ دونوں ممالک میں افرادی قوت، سرمایہ کاری، تجارت اور معیشت سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے، قریبی روابط اور تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہو گی۔ قبل ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف گذشتہ روز لاہور سے اسلام آباد چلے گئے۔ جاتی عمرہ رائے ونڈ سے ائر پورٹ جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر سے میاں نواز شریف نے قذافی سٹیڈیم کا فضائی معائنہ کیا۔ کویت کے وزیراعظم شیخ جابر المبارک الفاظ ان کا استقبال کریں گے۔ ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی جائے گی۔ بعدازاں انہیں قصر بیان میں ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا اور وہ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔ 7فروری کو اہم میٹنگ میں شرکت کریں گے اور امیر کویت شیخ جابر الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے انہیں اور وفد کے اعزاز میں صحرا میں سجے خیمے میں ظہرانہ دیا جائے گا اور اسی شام وہ واپس پاکستان روانہ ہو جائیں گے۔ وزیراعظم کی کویت آمد پر مقامی اخبارات میں خصوصی اشاعت کی گئی ہے۔
نواز شریف
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پی ایس ایل کے لاہور فائنل کے انتظامات کی نگرانی جہاں خود کی وہاں انہوں نے اپنی کابینہ کے ممبران کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ بھی میدان میں نکلیں اور انتظامات کا موقع پر جائزہ لیتے رہیں اور جہاں کہیں ضروری سمجھیں اصلاح کروائیں، اگر کہیں کوئی اُنکے راستے میں رکاوٹ بنے اسکی انہیں براہ راست اطلاع دیں۔ فائنل کے دن دوپہر سے صوبائی وزرا سٹیڈیم کے اندر اور باہر متحرک رہے۔ رانا ثناءاللہ خاں نے سٹیڈیم کے اندر، سید زعیم حسین قادری، بلال یٰسین، میاں مجتبیٰ شجاع سمیت وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی اور مشیر رانا محمد ارشد، ملک محمد احمد خان سمیت پبلک افیئرز یونٹ وزیراعلیٰ آفس کے ممبران نے فعال کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا اور گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو تقسیم انعامات کی تقریب کیلئے مہمان خصوصی بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گراﺅنڈ میں آکر بلے بازی کرکے تماشائیوں سے داد وصول کی۔ میچ کے اختتام پر وزیراعلیٰ شہباز شریف کو اُن کی کابینہ کے ممبران سمیت صحافیوں اور دوستوں نے مبارکباد کے ٹیلی فون کئے اور میسج بھیجے جن پر میاں شہباز شریف نے پرامن میچ کے انعقاد کو پاکستان کی فتح قرار دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھی ٹیلیفون کرکے میاں شہباز شریف اور اُنکی ٹیم کو مبارکباد دی جبکہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے تمام سکیورٹی اداروں کے سربراہان کو سکیورٹی معاملات میں ذمہ داری نبھانے پر مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاکہ فائنل میچ میں شائقین کا جوش وجذبہ اور نظم و ضبط قابل تعریف اور قذافی سٹیڈیم میں، میں نے خود میچ دیکھا مجھے کوئٹہ اور پشاور کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔ قوم نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے بلاشبہ فائنل میچ دیکھنا یادگار لمحہ ہے ۔ پاکستانی قوم نے جس اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کر کے فائنل میچ کو یادگار بنایا، بلاشبہ اسے تادیر یاد رکھا جائے گا-وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے فائنل میچ دیکھنے کے دوران وہاں موجود سیاسی ودیگراہم شخصیات کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ میچ ختم ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کو واپسی پر بھی اسی طرح سہولتیں فراہم کی جائیں جس طرح انہیں سٹیڈیم میں لانے کے لئے فراہم کی گئیں۔وزیراعلیٰ نے پشاور کے کھلاڑیوں کی اچھی بلے بازی اور عمدہ باﺅلنگ پر دل کھول کر داد دی اور انتہائی انہماک سے میچ دیکھا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان سپر لیگ فائنل میچ کے لاہور میں کامیاب انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس قومی ایونٹ کو کامیاب بنانے میں پاک فوج، رینجرز، پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ پاکستان کی جیت اور امن کے دشمنوں کی شکست ہوئی ہے۔ کارروائیاں پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ دہشت گردوں پرواضح ہو گیا ہے کہ بہادر قوم کا عزم خوف سے زیادہ مضبوط ہے۔ دشمن امن پسند قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتا۔ فائنل میچ کے کامیاب انعقاد نے غم میں ڈوبی ہوئی قوم کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔ دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
شہباز شریف