پولیس تشدد سے شہری کی ہلاکت، تحریک انصاف کا معاملہ سپریم کورٹ لے جانے کا اعلان

06 مارچ 2017

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی امور پر توجہ دینے کیلئے مصروفیات کا دائرہ کار چیئرمین آفس تک محدود کردیا ہے وہ پانامہ لیکس کا فیصلہ آنے تک پارٹی امور پر توجہ دیں گے جس کیلئے ان کی مصروفیات بھی پارٹی رہنمائوں سے مشاورت ہے۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی اور شمالی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات ساجد علی قریشی نے راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں پولیس تشدد کی وجہ سے ہلاک ہونے والے بے گناہ شہری محمد اسلم کے اہل خانہ سے دلی رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت گلو بٹوں کی خود سرپرست ہے جس کی نگرانی میں پنجاب پولیس بھی جلاد بن چکی ہے، ہم محمد اسلم کی بیگناہ موت کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور مرحوم کے لواحقین کو انصاف نہ ملا تو تحریک انصاف اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جائیگی۔ یہ بات انہوں نے تحریک انصاف شمالی پنجاب کے پبلک سیکرٹریٹ میں تعزیتی اجلاس میں مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہی۔