انسانوں پر وسائل خرچ کیے بغیر ترقی کا تصور احمقانہ ہے: میاں محمودالرشید

06 مارچ 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا ہے کہ انسانوں پر وسائل خرچ کئے بغیر ترقی کا تصور احمقانہ ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ لا قا نونیت اور کرپشن ہے، احتساب کا موثر نظام نہیں، ڈسپلن نہیں، پنجاب میں عوام کی اکثریت صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ لاہور آبادی کے لحاظ سے دنیا کا 34واں، اور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے، اور یہاں قابل ذکر سرکاری ہسپتال صرف 11 ہیں، اور ان میں موجود سہولیات ناکافی ہیں، میو ہسپتال میں ایم آ ر آئی مشین سرے سے ہی موجود ہی نہیں۔ 7 ایکسرے مشینوں میں سے 3خراب پڑی ہیں۔ سروسز ہسپتال میں بھی ایم آر آئی مشین کا وجود نہیں اور 9 ایکسرے مشینوں میں سے 6 خراب اور اکلوتی سی ٹی سکین مشین بھی خراب ہے۔ چلڈرن ہسپتال میں سی ٹی اسکین مشین کبھی خریدی ہی نہیں گئی۔ اور دوسری جانب پلوں اور سڑکوں پر اربوں روپے لگائے جا رہے ہیں، صرف2 لاکھ 50 لوگوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے 200ارب سے زائد رقم سے اورنج ٹرین کا منصوبہ شروع کیا گیا۔