مسلمانوں ہی نہیں دیگر مذاہب کے لوگوں میں بھی دہشت گرد موجود ہیں: ڈینش سفیر

06 مارچ 2017

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر اولن تونکلے نے کہا ہے کہ دہشت گرد اور انتہا پسند صرف مسلمانوں میں نہیں دوسرے مذاہب میں بھی موجود ہیں۔ مجھے خوشی ہے گزشتہ تین سال میں پاکستان میں امن اور استحکام آگیا ہے۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ وقت نیوز کے پروگرام ’’ایمبیسی روڈ‘‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ڈنمارک میں پاکستانی کمیونٹی معاشرے کی تعمیرو ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ کئی پاکستانی ڈنمارک کی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔ ڈینش سفیر سے پوچھا گیا ڈنمارک پاکستان میں ترقیاتی پروگرام چلا رہا ہے۔ یہ پروگرام کون سے ہیں تو ڈنمارک کے سفیر نے بتایا یونیسف کیساتھ ملکر ہم خیبر پی کے اور فاٹا کے علاقے میں تعلیم کا پروگرام چلا رہے ہیں۔ جس کے تحت سات لاکھ سے زیادہ بچوں کو سکول میں داخل کرایا گیا۔ ڈینش سفیر نے بتایا تعلیم کے علاوہ خواتین کی ترقی کیلئے انکا ملک پروگرام چلا رہا ہے۔ ہم پشاور کی خواتین کی دستکاری کی مصنوعات کو کراچی کی ایک فیشن ڈیزائنر فرم سے ملکر مارکیٹنگ کا بندوست کر رہے ہیں۔ ان سے استفسار کیا گیا ڈنمارک اور پاکستان میں معیشت اور تجارت میں توسیع کے کیا امکانات ہیں تو انہوں نے کہا ڈنمارک پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات کمپنیوں کا سامان اور سرجیکل آلات درآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈنمارک پاکستان میں توانائی کے قابل تجدید ذرائع سے توانائی کی پیداوار میں مدد دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا پاکستان میں سیکیورٹی حالات بہتر ہونے کے بعد ڈنمارک کی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات بہت بہتر ہوں گے۔