صحت کی سہولتوں میں بہتری پہلی ترجیح ہے، وزیراعلیٰ: مناواں ہسپتال میں پیش رفت کا جائزہ
لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مناواں میں زیرتعمیر 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری ہماری پہلی ترجیح ہے۔ اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات اور نتیجہ خیز کاوشیں رنگ لارہی ہیں۔ عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ صوبے کے مختلف شہروں میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال بنائے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں ہسپتالوں کی تعمیر کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مظفرگڑھ میں گورنمنٹ رجب طیب اردگان ہسپتال عوام کو اعلی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کررہا ہے۔ پنجاب حکومت اس ہسپتال کی توسیع کے بڑے منصوبے پر کام کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مناواں میں 100بستر وں پر مشتمل جدید ہسپتال کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے رہائشیوں کو تشخیص اور علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔ تعمیر، طبی سہولیات اورخدمات کی فراہمی کے لحاظ سے یہ ہسپتال اعلیٰ معیار کا ہوگا۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کیلئے بہترین ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا انتخاب کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مناواں میں 100بستروں کا ہسپتال پنجاب حکومت کا علاقے کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انڈس ہسپتال کی انتظامیہ نے مظفرگڑھ رجب طیب اردگان ہسپتال اور بیدیاں روڈ ہسپتال کو کامیابی سے چلا کر عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میں ایک شاندار کام کیا ہے۔ مزید براں شہباز شریف نے معروف شاعر اور ممتاز صحافی انوار قمر کو گلدستہ بھجوایا اور ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے والے انوار قمر کی صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔