سابق چیف جسٹس ارشادہ حسن خان کے گھر ڈاکہ‘ لاکھوں کی نقدی‘ زیورات لوٹ لئے گئے

06 مارچ 2017

لاہور/ فیروزوالا (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) شہر میں ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات وقیمتی سامان سے محروم کر دیا۔ ڈاکوئوں نے تھانہ نواب ٹائون کے علاقہ میں تنزیل سے 85ہزار مالیت کی نقدی و موبائل، تھانہ مسلم ٹائون کے علاقہ میں ناصر سے 62ہزار مالیت کی نقدی و موبائل، تھانہ ہڈیارہ کے علاقہ میں شفقت کے گھر میں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 4 لاکھ 40 ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ ستوکتلہ کے علاقہ میں نوید کے گھر میں فیملی کو یرغمال بنا کر 3 لا کھ 30 ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ اقبال ٹائون کے علاقہ میں فرحت کے گھر سے 2لا کھ 38ہزار مالیت کی نقدی و زیورات، تھانہ نواب ٹائون کے علاقہ میں اسحاق سے 95 ہزار مالیت کی نقدی و موبائل لوٹ لیا۔ باٹا پور میں طاہر، مغلپورہ میں احسان، نشتر کالونی میں شعیب کی گاڑیاں اور مناواں میں عظیم، شیراکوٹ میں فرحان، سندر میں یوسف، مسلم ٹائون میں ندیم، فیکٹری ایریا میں اشرف، شفیق آباد میں اعظم کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں گئیں۔ تھانہ نواب ٹائون کے علاقہ میںسابق چیف جسٹس آف پاکستان ارشاد حسن خان کے گھر سے 4 ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کی نقدی و زیورات لوٹ لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال کوئی درخواست نہیں آئی، درخواست آنے پر کارروائی کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ نواب ٹائون کے علاقہ 34 ایچ بلاک جوہر ٹائون کے رہائشی سابق چیف جسٹس آف پاکستان ارشاد حسن خان کے گھر 4ڈاکو گھس آئے اور گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی و زیورات لوٹ لئے جس پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع کی گئی اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ارشاد حسن خان نے کارروائی کیلئے رابطہ کیا گیا لیکن تاحال انکی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی درخواست ملنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا اور ملزمان کی نشاندہی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیگی۔ سعید پارک شاہدرہ کے قریب ڈاکوئوں نے گودام میں داخل ہو کر اسکے مالک کو جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے مزاحمت پر گولی مار کر تاجر خالد کو زخمی کر دیا اور ایک لاکھ روپے کی رقم چھین کر لے گئے۔ کوٹ عبدالمالک میں ڈاکوئوں نے عابد حسین سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے قاسم او رشہباز احمد سے موٹر سائیکلیں چھین لیں جبکہ ناصر کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی۔