آپریشن ردالفساد کراچی سمیت ملک بھر میں کر یک ڈاون 2 دہشت گرد ہلاک پولیس افسر شہید

06 مارچ 2017

لاہور/ ساہیوال/ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ساہیوال کے علاقے ماموں کانجن میں حساس اداروں کی دہشت گردوں کی آماجگاہ پر کارروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک جبکہ کارروائی کے دوران انسپکٹر شہید‘ ڈی ایس پی اور دیگر دو افراد زخمی ہوگئے۔ جبکہ سیکورٹی فورسز کی ملک بھر میں دہشت گردوں اور مشتبہ افراد کے خلاف کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں اور کومبنگ آپریشن کے دوران 130 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق گذشتہ روز رات گئے سی ٹی ڈی کی سپیشل فورسز نے ڈی ایس پی اقبال جوئیہ کی سربراہی میں تھانہ ماموں کانجن‘ گڑھ‘ ہڑپہ کی پولیس نے نواحی علاقہ موضع بستی جموں کے دلو میں دربار صلاح الدین کے قریب دہشت گردوں کی آماجگاہ پر چھاپہ مارا جس پر دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا جس کے نتیجہ میں انسپکٹر فدا حسین موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ڈی ایس پی اقبال جوئیہ‘ کھوجی پپو اور فورسزکا ایک جوان شدید زخمی ہو گئے۔ مقابلہ کے دوران دو دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا جن کے قبضہ سے تیار بم اور بم بنانے والے آلات‘ بال بیرنگ‘ کیمیکل‘ پٹرول بم بنانے والے‘ بیٹریاں و دیگر آلات کی کثیر تعداد برآمد کر لی گئی۔ بم سکواڈ بھی موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے تمام بم بنانے والے آلات اپنی تحویل میں لے لئے اس آپریشن کے بعد پورے علاقہ کو سرچ کر کے کلیئر کردیا گیا۔ اے این این کے مطابق 4 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق پاکپتن سے ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی انسپکٹر فدا حسین کی سربراہی میں ٹیم نے ماموں کانجن کے تھانہ گڑھ کے علاقے میں پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ہمراہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کیلئے ریڈ کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ انسپکٹر فدا حسین کو تشویشناک حالت کے باعث ساہیوال کے اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں انسپکٹر فدا حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔ شہید ہونے والے ڈی او سی ٹی ڈی انسپکٹر فدا حسین پاکپتن تعینات تھے۔ ٹیم ریڈ کرنے پاکپتن سے ماموں کانجن گئی تھی۔ انسپکٹر فدا حسین کی نماز جنازہ پولیس لائن ساہیوال میں ادا کرنے کے بعد ان کی میت ان کے آبائی شہر سمندری روانہ کردی گئی۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق گڑھ پیر صلاح الدین کے مزار کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کا ایک افسر فدا حسین شہید دو افسر اقبال جوئیہ اور محمد رمضان اور کھوجی احمد یار شدید زخمی ہو گئے جبکہ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔ سی ٹی ڈی‘ تھانہ ہڑپہ اور تھانہ گڑھ پولیس نے دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھا اور بڈھ بیلہ چراہ گاہ میں مقابلہ کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔ سول اسپتال ساہیوال میں کھوجی احمد یار کی حالت نازک ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کومبنگ آپریشن میں 21مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد کو بائیو میٹرک تصدیق نہ ہونے پرحراست میں لیا گیا۔ چناب نگر میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے چناب پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کر لیا اور اُس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ ملزم نے یہ دھماکہ خیز مواد اپنے کمپیوٹر باکس میں چھپا رکھا تھا۔ گرفتار شخص کو خفیہ اداروں نے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ اس آپریشن میں بم ڈسپوزل سکواڈ پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری سمیت 70 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پشاور کے تھانہ خان رازق اور تاج آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا‘ 32 افراد کو کرایہ داری کے کوائف مکمل ہونے پر پکڑا گیا۔ آپریشن کے دوران 37 مشتبہ افراد بھی گرفتار کرلئے گئے۔ جن میں ایک اشتہاری بھی شامل ہے گرفتار افراد سے 2 پستول اور درجنوں کارتوس‘ چرس اور شراب بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے گرفتا ر افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کرلئے ہیں۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق دلیوالہ کلور کوٹ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 24 مشکوک افراد سمیت 2 اشتہاری ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ کلورکوٹ پولیس اور دلیوالہ پولیس نے اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ اس موقع پر دو اشتہاری ملزموں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار مشکوک افراد سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی۔ نورپور تھل سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے تھانہ کی حدود میں سرچ آپریشن کیا اور اس دوران چار اشتہاری اور دو افغانی گرفتار کرلئے۔ دونوں افغانی جلال آباد کے رہائشی سمیع اللہ اور ٹھوخان پٹھان چار اشتہاری محمد فیاض‘ گل جہان اقوام مسلم شیخ سکنہ واں بھچراں‘ غلام محمد مجوکہ بندیال‘ غلام محمد اعوان سکنہ جھنگ کو حراست میں لے لیا۔ جہلم سے نامہ نگار کے مطابق ایچ ایس او تھانہ صدر نے حساس اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا اور 35 افراد کی بائیو میٹرک چیکنگ کے دوران 5 مشکوک افراد گرفتار کرلئے۔ پولیس اور حساس اداروں نے روہتاس روڈ‘ کرسچن کالونی‘ بگا وغیرہ میں سرچ آپریشن کیا۔
آپریشن ردالفساد
کراچی( کرائم رپورٹر) ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آپریشن ردالفساد کے تحت پولیس و رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں اتوار کو شہر کے مختلف علاقوںسے مجموعی طور پر 327 ملزموں کی گرفتاری عمل میں آئی جن سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق شاہراہ نور جہاں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ تینوں ملزمان امجد عرف پاچی، فرید عرف شاہ اور سلمان عرف بابا کی گرفتاری سخی حسن قبرستان کے قریب سے عمل میں آئی پولیس کے مطابق تینون ملزمان اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور اس بارے میں ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد کے خصوصی ٹاسک پر سی آئی اے کے تینوں یونٹس کے ایس ایس پیز کی ِ نگرانی میں شہر بھر میں بھتہ مافیا، بینک ڈکیت گروہوں ، اسٹریٹ کرمنلز و ڈکیت گینگز ، قتل و اقدامِ قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان ، اغواؤ برائے تاوان گینگز موٹر سائیکل و کار لفٹر گروہوں، جرائم پیشہ ملزمان اور متفرق و سنگین مقدمات میں مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا۔ ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC)کی نگرانی میں AVCCکی مختلف ٹیموں نے کاروائیاں کر کے ا غواؤ برائے تاوان کے گینگ ،ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلزسمیت 10ملزمان گرفتار کر کے 7پستول ، 7میگزین، اور 20کارتوس برآمد کر لئے۔ گرفتار شدگان میں بھتہ خور، بینک ڈکیت، اسٹریٹ کرمنلز، مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب مفرور و اشتہاری بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل منطور کھٹیان کی نگرانی میں کی مختلف ٹیموں نے ہائی ویز، اور شہر بھر میں کاروائیاں کر کے مجموعی 164ملزمان گرفتار کیے جبکہ گرفتار شدگان کے قبضہ اور نشاندہی جبکہ مختلف علاقوں سے کاروایئوں میں مجموعی 524موٹر سائیکلیں ، 71کاریں و دیگر فور ویلر گاڑیاں، 2کلاشنکوفیں، 4پستول، 6میگزین، متعدد کارتوس، منشیات اور 144غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کیں۔ایس پی لانڈھی ڈویژن محمد عارف راؤ اسلم کی نگرانی میں غیر ملکی باشندوں (افغانیوں ) کے خلاف لانڈھی ڈویژن کے پانچ تھانوں لانڈھی، عوامی کالونی، کورنگی، زمان ٹاؤن اور کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے ایکشن کر کے 62غیر ملکی باشندوں (افغانیوں) کو فارن ایکت کے تحت گرفتار کر لیا۔ جبکہ تین پولیس مقابلوں اور ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کاروایئوں میں 30ملزمان کو گرفتار کر کے 30پستول، 30میگزین، درجنوں کارتوس، ایک لیپ ٹاپ 8موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ مزید براں مفرور و متفرق مقدمات میں پولیس کو مطلوب 8ملزمان گرفتار کر لیے۔سرجانی ٹاؤن سب ڈویژن پولیس آفیسر سہراب میو کی نگرانی میں ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن انسپیکٹر ملازم حسین نے پولیس پارٹی کے ہمراہ غیر قانونی پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں (افغانی)کے خلافکاروائیاں کر کے 5غیر ملکی باشندوں (افغانی) کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیاجبکہ قتل کیس میں نامزد ایک ملزم ، ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم میں ملوث 7ملزمان ، منشیات کے مقدمات میں 6ملزمان جبکہ پولیس کو متفرق مقدما ت میں مطلوب 5ملزمان گرفتار کر کے 7پستول،7میگزین، 35کارتوس، وارداتوں میں لوٹا و چھینا ہوا مال، ڈیڑھ کلو گرام چرس، 12 بوتلیں شراب اور بڑی مقدار میں مضر ِ صحت گٹکا برآمد کر لیا۔
کراچی/ گرفتار