کوئی پاکستان نہیں توڑ سکتا‘ برہمداغ‘ حیربیار کس کھیت کی مولی ہیں: سرفراز بگٹی

06 مارچ 2017

کوئٹہ/ سبی (اے این این) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے کہا ہے پاکستان کلمہ کی بنیاد پر بنا جو قیامت تک قائم ودائم رہے گا۔ برہمداغ بگٹی حیر بیار مری کبھی پاکستان کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہونگے‘ وفاقی صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ پاک افواج ایف سی اور حساس اداروں کی کامیاب حکمت عملی سے بلوچستان کے سنگین مسائل حل ہوچکے ہیں بلوچ اپنی قومی ثقافتی اور عظیم روایات کے مطابق محب وطن قوم ہے جس نے ہمیشہ سرزمین پاکستان کیلئے قربانیاں دیں‘ قومی دھارے میں شامل ہونے والے افراد پاکستان کی ترقی خوشحالی میں رول پلے کریں‘ بنددق کسی مسئلہ کا حل نہیں قلم کو ہتھیار بنا کر اپنے بچوں کو مستقبل سنوارنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں ‘ وسائل میں رہ کرہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو تعلیم صحت روزگار گھر سمیت دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیڈکوارٹر سبی سکاؤٹس میں اوچ ڈیرہ بگٹی سوئی تلی ودیگر علاقوں سے بی آر جی بی ایل اے کے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے والے بی آر جی بی ایل اے کے اہم فراری کمانڈر حیدری‘ نثار‘ عرض محمد‘ جمعہ خان‘ لھجو‘ جورک‘ خانو سمیت 100سے زائد فراری افراد میں کپڑے ٹوپیاں تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میر سرفراز خان بگٹی نے کہا بلوچستان کی ترقی خوشحالی کیلئے ضروری ہے بلوچستان پرامن بنے جس کیلئے وفاق وصوبائی حکومتوں کے علاوہ پاک افواج‘ ایف سی‘ حساس ادارے دن رات اپنی صلاحیتوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی اس کو بھارت سمیت دنیا کی کوئی طاقت توڑ نہیں سکتی تو براہمداغ‘ حیربیار مری کس کھیت کی مولی ہیں۔ بلوچستان کے غیور عوام لڑائی خون خرابہ گولہ بارود سے تنگ آچکے ہیں نوجوان نسل ان چیزوں کو سمجھیں ڈاکٹر اساتذہ مسافروں بے گناہ لوگوں کو مار نا بلوچ قوم کی روایات نہیں‘ بلوچ قوم محب وطن قوم ہے بلوچ قبائل کی روایات کو اپناتے ہوئے امن خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائیں‘ بیرونی پروپیگنڈا میں اپنے بچوں کا مستقبل برباد نہ کریں‘ یہ وطن آزاد ہے اور آپ ایک آزاد ملک کے باشندے ہیں‘ پاکستان کے قابل فخر بیٹے بن کر ملک وقوم کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا برہمداغ بگٹی کے بچے بیرون ملک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ بچے کی پیدائش کیلئے بھی پاکستان آنے کی بجائے بھارت جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے آپ اور میرے خون کا سودا کیا جاتا ہے پاکستان واحد اسلامی ملک ہے پاکستان کی جس نے عزت کی وہ ہمیشہ کامیاب رہا‘ جس نے پاکستان سے غداری کی وہ ہمیشہ رسوا رہا‘ جس طرح براہمداغ بگٹی رسوا ہورہا ہے بھارت ازل سے ہمارا دشمن ہے جو مختلف طریقوں سے ہمیں نقصان دے رہا ہے دہشت گردی دراصل قوم کو محکوم وغلام بنانے کی سازش کررہے ہیں اب ہمیں سوچنا ہوگا پاکستان سے وفادار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سلام ہے صوبائی حکومت اپنے وسائل میں رہ کر ہتھیار ڈالنے والوں کی مشکلات کا ازالہ کرے گی۔ واضح رہے فراری افراد پہلے ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوئے تھے۔ ایف سی سبی نے ان کو سبی میلے کے موقع پر ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھانے کی دعوت دینے کے علاوہ سبی میلے کی تقریبات میں شرکت کرنے کا بھی موقع فراہم کیا۔
سرفراز بگٹی