اہل تحصیل گوجر خان سے گزارشات

06 مارچ 2017

مکر می :سابق دور میں تحصیل بھر میں ترقیاتی و انقلابی اقدامات جن میں بے شمار سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، سینکڑوں دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی، قیمتی ٹرانسفارمر اور کھمبوں کی تنصیبات ، ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، گوجر خان میں پاسپورٹ آفس کا قیام، شرقی گوجر خان کےلئے انڈر پاس کی تعمیر، بے شمار دیہاتوں میں قدرتی گیس کی فراہمی اور دیگر بے شمار عوامی منصوبوں کی تکمیل۔ یہ سب ایسی حقیقت ہیں جن کو نہ تو جھٹلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان پر پردہ ڈالا جا سکتا ہے۔ اہل تحصیل راجہ پرویز اشرف کا بطو رمنسٹر اور وزیر اعظم عملی جدو جہد کا موازنہ موجودہ MNAکے ساتھ کریں تو زمین آسمان کا فرق نظر آئے گا۔ یہ تحصیل گوجر خان کی بد نصیبی نہیں تو اور کیا ہے جس شخص کو کامیاب کیا گیا اس نے شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین کے باسیوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہ دیا الیکشن میں مسلم لیگ تینوں سیٹیں جیت گئی اور آج چوتھا سال ختم ہونے والا ہے ضلع بنانا تو دور کی بات جو ضلع مہم کےلئے لٹھے پر دستخطی مہم چلاتے رہے وہ بھی سیاست مصلحت کا شکار ہو کر اس جدو جہد سے رفو چکر ہو گئے۔ یہ بھی بعید نہیں بے شمار منصوبے جو راجہ پرویز اشرف نے منظور کروائے تھے ان میں سے زیادہ تر تو موجودہ ایم این اے کی عدم دلچسہی کی وجہ سے ادھورے ہی رہ گئے ان پر بھی نے صرف افتتاح کی تختی لگا کر آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی۔ یہ بھی ایک اٹل حقیقت ہے سابق وزیر اعظم کی طرف سے تحصیل بھر میں تاریخی اور انقلابی اقدامات کے باوجود عبرتناک شکست نے ان کو سمجھداری کے ایسے مقام پر لا کھڑا کر دیا ہے جہاں سے وہ تمام لوگوں کو صحیح زاویے سے نہ صرف دیکھ سکتے ہیں بلکہ وہ کھوٹے اور کھرے کی پہچان رکھنے کی صلاحیت بھی پا چکے ہیں۔ اب نہ تو کوئی ان کو زبانی لفظوں کے ہیر پھیر سے بیوقوف بنا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ان کو وفادار، مخلص اور بے لوث ورکروں اور خیر خواہوں سے دور کر سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے راجہ خرم پرویز کو راولپنڈی ڈویژن کا جنرل سیکرٹری نامزد کر کے گوجر خان کی دھرتی پر احسان کیا ہے بلکہ ان کی نامزدگی سے سابق وزیر اعظم کو اپنے سیاسی معاملات چلانے میں بہت زیادہ تقویت ملے گی جس کا فائدہ 2018کے عام انتخابات میں راجہ پرویز اشرف کو بھی ضرور ہو گا۔ وثوق سے کہتا ہوں اگر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی طرف سے تحصیل بھر میں جو جو ترقیاتی کام ہوئے ایک ترتیب سے لکھنا شروع کروں تو کئی صفحات بھر جائیں گے ، آئیے مل کر آئندہ آنے والے انتخابات میں ہر ایک پولنگ اسٹیشن سے راجہ پرویز اشرف کو کامیاب کریں کہ ان کو بھی پتہ چل جائے اصل طاقت عوام اور ووٹ کی پرچی ہے۔ عوام سے صرف اتنی گزارش کرتا ہوں راجہ پرویز اشرف کی یہ جیت تحصیل بھر میں پیار وفاﺅں اور محبت کا ایسا جھونکا لے کر آئے گی جس میں بلا امتیاز اور بلا تفریق ہر شخص کی عزت ہو گی اور ترقیاتی اقدامات کا نیا دور شروع ہو گا جن منصوبوں کا افتتاح سابق وزیر اعظم یا برادر اصغر نے کیا تھا وہ آج دن تک ادھورے ہیں ترجیحی بنیادوں پر ان کےلئے دوبارہ منظوری لے کر مکمل کیا جائے گا۔
کہنے کی تو بہت سی باتیں ہیں اس دل میں ہمدم ....کچھ لفظوں میں سن لو، کچھ میری آنکھوں میں پڑھ لو
(راجہ احسان الحق قاضیاں گوجر خان 0300-5261181)