نگران وزیراعظم کیلئے ناصر اسلم زاہد، شاکراللہ جان اور رسول بخش پلیجو کے نام فائنل کرلئے ہیں۔ وزیراعظم کے خط کا جواب کل دیاجائے گا۔ چودھری نثار علی خان
لاہورمیں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ نگران حکومت کیلئے مشاورت جاری ہے، مقصد اپنی مرضی کے لوگ لانا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے تین نام فائنل کرلیئے ہیں جن میں ناصر اسلم زاہد، شاکراللہ جان اور رسول بخش پلیجو شامل ہیں۔ ناموں پر ان جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا ہے جو پارلیمنٹ میں نہیں جبکہ تحریک انصاف کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعظم کے خط کا جواب کل دینگے۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ قومی اور صوبائی اسمبلیاں ایک ہی دن تحلیل ہوں اور ملک بھر میں انتخابات کیلئے ایک ہی دن مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں انتخابات چرانے کیلئے سازش کی جارہی ہے جو قابل قبول نہیں۔ چودھری نثار نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ پانچ سال تک اتحاد میں رہنے والی جماعتیں سازش کے تحت حکومت سے الگ ہوئیں ہیں۔