کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد شہر کے بیشترعلاقوں میں ٹرانسپورٹ اور کاروباربند ہو گیا ، صورتحال کے پیش نظر شہر کے نجی اسکول غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے
کراچی میں لانڈھی،ملیر ،نارتھ ناظم آباد ،گلبرک ،صدر ،کھارادر ،لی مارکیٹ اور بلدیہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے بعد کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہوگےکشیدہ صورت حال کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپ بھی بند ہو گئے ۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹ بندکرنیکافیصلہ کیا ہے۔آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر نے کراچی میں خراب حالات کے باعث صرافہ مارکیٹ بند کر نے کا فیصلہ کیا جبکہ کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز نے بھی الیکٹرونکس مارکیٹ کے اطراف میں شدید ہوائی فائرنگ کے بعد کاروبار بند کر دیا۔آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ایسوسی ایشن نے کراچی سے ملک بھر میں تیل کی سپلائی روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔کشیدگی پیدا ہوتے ہی ایم اے جناح روڈ ، شارع فیصل، آئی آئی چندریگرروڈ،گلستان جوہر، شرف آباد، طارق روڈ، سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔ ادھرلانڈھی اور سرسید کےعلاقوں میں نامعلوم افراد نے دومسافر بسوں کو آگ لگادی۔ دوسری جانب شہر کی صورتحال کے پیش نظر پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے تمام نجی اسکول غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔